عام سائل کی طرح جسٹس شوکت صدیقی کے ساتھ بھی انصاف ہو گا، جسٹس میاں ثاقب نثار

پیر 23 جولائی 2018 23:52

لاہور۔23جولائی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 23 جولائی 2018ء)چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف کارروائی کی درخواست میں واضح کر دیا کہ عام سائل کی طرح اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت صدیقی کے ساتھ بھی انصاف ہو گا، چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں اپنا حلف پڑھنے کے بعد کہا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف کارروائی کرنے اور از خود نوٹس لینے کے لئے دائر درخواست کی سماعت کی، درخواست گزارعبداللہ ملک کے وکیل اظہرصدیق نے موقف اختیار کیاکہ جسٹس شوکت صدیقی عدلیہ کو سکینڈلائز کر رہے ہیں اور سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہیں، جسٹس شوکت صدیقی اپنے عہدے پر برقرار رہنے کی اہلیت کھو چکے ہیں،جس پر چیف جسٹس پاکستان نے باآواز بلند آئین پاکستان سے اپنے حلف کو پڑھا، چیف جسٹس نے کہا کہ عام سائل کی طرح اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت صدیقی کے ساتھ بھی انصاف ہو گا،کسی قسم کی ناانصافی نہیں ہو گی،چیف جسٹس نے کہا کہ اس معاملے پر پہلے ہی نوٹس لیا جا چکا ہے ،از خود نوٹس نہیں لیا جا سکتا، اگر پٹیشن دائر کرنا چاہیں تو کر سکتے ہیں،چیف جسٹس نے کہا کہ جب تک یہ طاقتور عدلیہ موجود ہے ملک پر اللہ کا فضل رہے گا، جس پر درخواست گزار نے درخواست واپس لے لی۔