سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات سے تعلقات معمول پر لانے کی کوشش کررہے ہیں، ایرانی صدر

پیر 23 جولائی 2018 14:33

تہران۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 23 جولائی 2018ء) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک خلیجی ریاستوں بالخصوص سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے اور تعلقات کو معمول پرلانے کی کوشش کررہا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق ایرانی سفارت کاروں کے ایک اجلاس سے خطاب میں صدر روحانی نے ملک کو درپیش حالات کے تناظر میں علاقائی قوتوں سے تعلقات بہتر بنانے کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔

ایرانی صدر کی طرف سے تین خلیجی ملکوں کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی بات ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب امریکا کی جانب سے ایران پر نئی اقتصادی پابندیوں کے لیے مقرر کردہ چار اگست کی تاریخ قریب آ رہی ہے۔صدر روحانی نے امریکی صدر کی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امریکا کی ایران پر پابندیوں کا مقصد ایرانی نظام کا سقوط اور ایران کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ایرانی صدر نے ایک بار پھر آبنائے ہرمز کی بندش کی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس کو سیاست کی ذرا بھی سمجھ بوجھ ہو وہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہم ایرانی تیل کی برآمد کو روک دیں گے، ہمارے پاس بہت سے راستے ہیں جن میں سے ایک آبنائے ہرمز بھی ہے۔حسن روحانی نے کہا کہ حالیہ وقت میں امریکا کے ساتھ مذاکرات کرنا ایران کی جانب سے ہتھیار ڈالنا شمار ہو گا۔