دبئی مہنگا اور کویت سٹی سستا خلیجی شہر قرار

کویت سٹی کو رہائش کی لاگت کے انڈیکس میں سب سے سستے خلیجی شہر کے طور پر تسلیم کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 جنوری 2024 12:45

دبئی مہنگا اور کویت سٹی سستا خلیجی شہر قرار
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 جنوری 2024ء ) کویت سٹی کو 2024ء میں سب سے سستا اور دبئی کو مہنگا خلیجی شہر قرار دے دیا گیا۔ عرب ٹائمز کے مطابق نمبیو ویب سائٹ نے کویت سٹی کو 2024ء کے لیے رہائش کی لاگت کے انڈیکس میں سب سے سستے خلیجی شہر کے طور پر تسلیم کیا ہے، شہر نے عالمی سطح پر 218 واں مقام حاصل کیا ہے جب کہ مہنگے ترین خلیجی شہروں کی درجہ بندی میں دبئی سرفہرست ہے، اس کے بعد ابوظہبی، دوحہ، منامہ، ریاض، جدہ، شارجہ، مسقط اور کویت سٹی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ انڈیکس رہائش کے اخراجات کے علاوہ دنیا بھر کے 362 شہروں میں اشیائے ضروریہ کی متعلقہ قیمتوں کا تعین کرتا ہے، نمبیو نے 100 میں سے 67.1 کے سکور کے ساتھ 2024ء کے لیے کویت کو محفوظ ملک کے طور پر خلیجی اور عرب دنیا میں پانچواں اور عالمی سطح پر 30 واں نمبر دیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ حفاظتی اعشاریوں میں جن عوامل کو مدنظر رکھا جاتا ہے ان میں حفاظت کا احساس، مخصوص جرائم کے بارے میں خدشات، پراپرٹی سے متعلق جرائم اور دیگر پرتشدد جرائم شامل ہیں، ان عوامل کی بنیاد پر متحدہ عرب امارات نے عرب دنیا اور عالمی سطح پر سرفہرست مقام حاصل کیا اس کے بعد قطر، عمان اور سعودی عرب بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔

مزید یہ کہ آن لائن ڈیٹا بیس نمبیو نے ابوظہبی کو 2024ء میں دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رکھا ہے، جو بہترین سکیورٹی معیارات کو نافذ کرنے، شہریوں، رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے معیار زندگی کو بڑھانے میں امارت کی عالمی سطح پر قیادت کی عکاسی کرتا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ 2024ء کی درجہ بندی میں عالمی سطح پر 329 شہروں میں سے سرفہرست مقام حاصل کرتے ہوئے ابوظہبی نے 2017ء سے دنیا کے محفوظ ترین شہر کا اعزاز برقرار رکھتے ہوئے اپنا متاثر کن سلسلہ جاری رکھا ہوا، یہ مستقل درجہ بندی ان تمام لوگوں کے لیے جو وہاں رہتے ہیں اور آنے والے افراد کے لیے غیر معمولی معیار زندگی کو یقینی بنانے کے لیے امارت کی سرشار کوششوں کا ثبوت ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں