سعودی عرب میں 12 سال سے کم عمر بچوں پر پٹاخوں کے استعمال پر پابندی لگ گئی

12 سال سے کم عمر بچوں کو آتش بازی کا سامان فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 2 نومبر 2019 12:16

سعودی عرب میں 12 سال سے کم عمر بچوں پر پٹاخوں کے استعمال پر پابندی لگ گئی
جدہ(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2 نومبر 2019ء) سعودی مملکت میں 12 سال سے کم عمر بچوں کے آتش بازی کا سامان استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سعودی کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پٹاخوں کا استعمال کم عمر بچوں کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے، اکثر آتش بازی کا سامان استعمال کرتے وقت کئی خطرناک واقعات بھی رُونما ہو جاتے ہیں، کئی واقعات میں بچے پٹاخے چلاتے ہوئے بے احتیاطی کے باعث شدید زخمی بھی ہو چکے ہیں۔

کیونکہ کئی پٹاخوں میں خرابی ہونے کے باعث وہ وقت سے پہلے ہی یا بچے کے ہاتھ میں ہی چلا جاتے ہیں، جو بہت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ اسی وجہ سے 12 برس سے کم عمر بچوں کے لیے پٹاخے اور آتش بازی کا دیگر سامان چلانے پر پابندی عائدکی جا رہی ہے۔ جو دُکاندار مقررہ عمر سے کم عمر بچوں کو آتش بازی کا سامان فروخت کریں گے اُنہیں قانونی کارروائی کاسامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ پُرہجوم مقامات پر آتش بازی یا پٹاخوں کے استعمال پر پابندی ہو گی۔ جبکہ لوگوں کے آرام کے وقت بھی پٹاخے نہیں چلائے جا سکتے۔ کیونکہ اس سے لوگوں کے آرام میں خلل پیدا ہوتا ہے جو کہ قانونی اور اخلاقی دونوں لحاظ سے مناسب نہیں ہے۔ وہ پٹاخے جن کی آواز بہت تیز ہو، اور اُن کے انسانی سماعت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، اُنہیں چلانے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔

اتھارٹی کے مطابق 145 ڈیسی بل سے زائد کی آواز والے پٹاخے عوامی مقامات پر چلانا قطعاً ممنوع ہیں۔ واضح رہے کہ مملکت میں غیر قانونی طور پر پٹاخوں کی فروخت میں پھیری والے اور خوانچہ فروش ملوث ہیں جو چھُپ چھُپا کے بچوں کو پٹاخے فروخت کرتے ہیں۔ اکثر بچے ساحلِ سمندر یا دیگر تفریحی و عوامی مقامات پر شرارت سے پٹاخے چلا کر لوگوں کو پریشان کرنے کا باعث بھی بنتے ہیں۔ اس حوالے سے موثر قانون سازی بھی کی گئی ہے۔ تاکہ شکایات کا سدباب ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں