عمرہ زائرین کیلئے جدہ ایئرپورٹ سے مکہ مفت بس سروس بند

رمضان کے آخر میں بند کردی گئی سروس اب تک معطل ہے۔ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 ستمبر 2023 10:47

عمرہ زائرین کیلئے جدہ ایئرپورٹ سے مکہ مفت بس سروس بند
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر2023ء) سعودی عرب نے عمرہ زائرین کیلئے جدہ ایئرپورٹ سے مکہ مکرمہ تک چلنے والی مفت بس سروس بند کردی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ کے حکام نے کہا ہے کہ ایئرپورٹ سے مکہ مکرمہ کے لیے مفت بس سروس تاحال بند ہے۔ اس حوالے سے کنگ عبدالعزیزایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان دنوں جدہ ایئرپورٹ سے مکہ مکرمہ کے لیے مفت بس سروس بند ہے، یہ بس سروس رواں برس رمضان المبارک کے آخر میں بند کی گئی تھی اور اب تک معطل ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ رواں برس کے ابتدائی دنوں میں جدہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان زائرین کی نقل و حمل کی مفت بس سروس کا آغاز کیا تھا، یہ سہولت جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے زائرین کو مسجد الحرام تک پہنچانے کے لیے شروع کی گئی، ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون سے مسجد الحرام تک زائرین کو بالکل مفت بس سروس کی سہولت دی گئی، اس سروس سے وہی زائرین مستفید ہوتے تھے جو احرام میں ہوں، یہ سہولت سعودی عرب میں مقیم زائرین کو بھی حاصل رہی۔

(جاری ہے)

ایئرپورٹ حکام کا کہنا تھا کہ ٹرمینل ون سے ہر 2 گھنٹے بعد بس حرم شریف کے لیے روانہ ہوتی تھی اور یہ سلسلہ روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہتا تھا، ایئرپورٹ سے مکہ روانگی کا مرکز پہلی منزل پر ایکیوریم کے برابر میں ہے اور واپس ایئرپورٹ کے لیے کدی سٹیشن اور وقف عبدالعزیز پارکنگ کو مختص کیا گیا، اسی طرح مسجد الحرام سے دوپہر 12 بجے سے لے کر رات 12 بجے تک ہر 2 گھنٹے بعد ایئرپورٹ کے لیے مفت بس سروس دستیاب ہوتی تھی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں