پاکستان سعودی عرب کے حج 2024ء کے معاہدے پر دستخط

پاکستانی عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کرتے ہوئے منٰی میں کم قیمت پر خصوصی جگہ ملے گی، کراچی کو بھی روٹ ٹو مکہ پروگرام میں شامل کرلیا گیا۔ نگراں وفاقی وزیر انیق احمد کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 جنوری 2024 13:48

پاکستان سعودی عرب کے حج 2024ء کے معاہدے پر دستخط
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 جنوری 2024ء ) پاکستان اور سعودی عرب نے حج 2024ء سے متعلق معاہدے پر دستخط کر دیئے، سپانسر شپ سکیم کے تحت بچ جانے والا کوٹہ پاکستان کی جانب سے سعود ی عرب کو واپس کردیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سالانہ حج معاہدہ طے پا گیا ہے، اس سلسلے میں تقریب سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں منعقد ہوئی، معاہدے پر سعودی عرب کی جانب سے مملکت کے وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور پاکستان کے نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے دستخط کیے، سعودی عرب میں آج سے حج ایکسپو بھی شروع ہورہی ہے، حج ایکسپو میں حاجیوں کی سہولت کے پیش نظر مزید معاہدے بھی ہوں گے۔

نگراں وفاقی وزیر انیق احمد کا کہنا ہے کہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے رواں برس حج انتظامات کے حوالے سے معاہدے وقت سے پہلے ہو رہے ہیں، معاہدے کے تحت سعودی عرب کے ساتھ پاکستانی عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق ہوا ہے، پاکستانیوں کو منٰی میں کم قیمت پر خصوصی جگہ فراہم کی جائے گی، سعودی وزیر حج نے پاکستانی عازمین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تعاون کا یقین دلایا اور رواں برس سعودی عرب نے کراچی کو بھی روٹ ٹو مکہ پروگرام میں شامل کرلیا ہے جس سے عازمین کو سہولت ہوگی۔

(جاری ہے)

حال ہی میں نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سرکاری سکیم کے تحت حج 2024ء کے لیے قرعہ اندازی کا اعلان بھی کیا ہے جس کے تحت اس سال 63 ہزار 805 خوش نصیب عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ہے، نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ رواں سال ریگولر حج اسکیم کے تحت 69 ہزار 438 عازمین کی درخواستیں موصول ہوئیں، قرعہ اندازی میں رہ جانے والے 5 ہزار 633 درخواست گزاروں کی روانگی کے شہروں کے لحاظ سے ویٹنگ لسٹ مرتب کر لی گئی اور متعلقہ شہروں سے حج درخواست کینسل کروانے والوں کی جگہ ویٹنگ لسٹ پر موجود افراد کو منتخب کیا جائے گا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں