’4 قسطوں میں ٹکٹ کی ادائیگی‘ فلائی ناس نے نئی آفر متعارف کرادی

سعودی فضائی کمپنی کی یہ پیشکش دنیا بھر میں سفر کی مانگ میں اضافے کے پیش نظر سامنے آئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 اگست 2023 16:42

’4 قسطوں میں ٹکٹ کی ادائیگی‘ فلائی ناس نے نئی آفر متعارف کرادی
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 اگست 2023ء ) سعودی عرب کی فضائی کمپنی فلائی ناس نے 4 اقساط میں ٹکٹ کی ادائیگی کی آفر متعارف کرادی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی ایئرلائن فلائی ناس اور مالیاتی ادائیگیوں کے پلیٹ فارم ٹیبی (Tabby) نے ’بائے ناؤ پے لیٹر‘ مہم کے تحت مسافروں کو ادائیگی کے لچکدار حل فراہم کرنے کے لیے شراکت داری کا اعلان کیا ہے، جس سے صارفین 4 سود سے پاک قسطوں میں اپنے سفری ٹکٹ کی رقم ادا کرسکیں گے، یہ پارٹنرشپ مسافروں کے لیے خاص طور پر دنیا بھر میں ہوائی سفر کی بڑھتی ہوئی مانگ کے ساتھ سامنے آئی ہے۔

Tabby کے سی ای او اور شریک بانی حسام عرب نے کہا کہ ہمیں ہوائی سفر کی صنعت میں ادائیگی کے لچکدار حل لانے کے لیے فلائی ناس کے ساتھ شراکت داری پر خوشی ہے، یہ بروقت شراکت ہوائی سفر کو بہت سے لوگوں کے قریب لائے گی جو نئی مہم جوئی پر جانے اور دنیا بھر میں اپنے پیاروں کے ساتھ دوبارہ رابطہ قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایئرلائن نے تصدیق کی ہے کہ یہ معاہدہ جدید خدمات فراہم کرنے اور ہوا بازی کی صنعت میں ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے اس کی پیش قدمی کو تقویت دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، سفر کرنے والے مسافر اپنی پروازیں ایئر لائن کے بکنگ چینلز یا ٹریول ایجنٹس کے ذریعے بک کروا سکتے ہیں۔

یہاں خاص بات یہ بھی ہے کہ فلائی ناس کا شمار سستے ہوائی ٹکٹ مہیا کرنے والی کمپنیوں مین ہوتا ہے، پچھلے مہینے فلائی ناس کو اسکائی ٹریکس انٹرنیشنل ایوارڈ سے لگاتار 6ویں بار دنیا کی چوتھی بہترین کم لاگت والی ایئرلائن قرار دیا گیا، جو کہ 1999ء میں اس کے آغاز کے بعد ہوا بازی کے شعبے میں دنیا بھر میں اس کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ معروف ایئرلائن اپنے 51 طیاروں کے بیڑے کے ذریعے 70 سے زیادہ ملکی اور بین الاقوامی مقامات کو 1500 سے زیادہ ہفتہ وار پروازوں کے ذریعے جوڑتی ہے اور 2007ء میں اپنے آغاز کے بعد سے اب تک 60 ملین سے زیادہ مسافروں کو خدمات فراہم کرچکی ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں