سعودی ڈاکٹروں نے تاریخ رقم کردی

خطے میں پہلی بار بذریعہ روبوٹ مریض کے دماغ میں چپ لگا دی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 22 اگست 2023 16:54

سعودی ڈاکٹروں نے تاریخ رقم کردی
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 اگست 2023ء ) سعودی ڈاکٹروں نے تاریخ رقم کرتے ہوئے خطے میں پہلی بار بذریعہ روبوٹ مریض کے دماغ میں چپ لگا دی۔ العربیہ نیوز کے مطابق جدہ میں کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اور ریسرچ سنٹر میں روبوٹ کا استعمال کرتے ہوئے مرگی کے ایک مریض کے دماغ کے اندر کامیابی سے ای ای جی چپ لگادی گئی کیوں کہ مریض کا مرض روایتی علاج سے ختم ہونا ممکن نہیں تھا، اس کے پیش نظر ڈاکٹروں نے دماغ میں مرگی کے مرکز کی نشاندہی کے لیے ای ای جی چپ لگائی جس کو بعد میں ہٹا دیا جائے گا، اس جدید طبی طریقہ کار کا استعمال مشرق وسطیٰ میں پہلی بار سامنے آیا۔

بتایا گیا ہے کہ کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کا شمار خصوصی صحت کی دیکھ بھال کے حوالے سے دنیا کے نمایاں ترین ہسپتالوں میں ہوتا ہے جہاں روبوٹ ٹیکنالوجی کے ذریعہ کھوپڑی میں 2 ملی میٹر سے زیادہ نہ بڑھنے والے متعدد سوراخ بنا کر الیکٹرو اینسفالوگرافی چپس دماغ میں لگائی گئی ہیں، جن کا مقصد مرگی پیدا ہونے کے مقامات کی تشخیص کرنا ہے، یہ تکنیک ضروری پیمائشوں کا اندازہ لگانے اور سوراخ کرنے کے لیے صحیح جگہوں کا تعین کرنے میں روایتی طریقہ سے بہتر ثابت ہوئی ہے جب کہ روایتی طریقے میں وقت اور محنت ڈبل ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ سرجری میں روبوٹ کا استعمال مرگی کے مرکز کا تعین کرنے میں انتہائی درستی اور طبی طریقہ کار کی مختصر مدت کی وجہ سے ہوتا ہے، روبوٹ کا استعمال صرف دماغ میں چپ لگانے تک ہی محدود نہیں بلکہ اس کی مدد سے اعصابی امراض سے متعلق متعدد دیگر سرجریز بھی کامیابی سے کی جاتی ہیں، اس کی وجہ سے روبوٹک سرجری دنیا کے معروف ہسپتالوں میں ایک جدید طبی رجحان ہے، جس کی مدد سے ڈاکٹروں کو زیادہ درستی، لچک اور کنٹرول کے ساتھ بہت سے پیچیدہ آپریشن کرنے کی سہولت ملی ہے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں