سعودی شہزادہ شیف بن گیا

ریسٹورنٹ پر خود کھانا بنا کر گاہکوں کو پیش کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 26 ستمبر 2023 12:44

سعودی شہزادہ شیف بن گیا
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 ستمبر 2023ء ) سعودی شہزادے نے اپنے نئے ریسٹورنٹ میں صارفین کے لیے خود کھانا بنانے اور پیش کرنے کے ویڈیو کلپس کے ذریعے سوشل میڈیا صارفین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شہزادہ نائف بن ممدوح بن عبدالعزیز جدہ کے مکرم نجد ریسٹورنٹ میں روایتی سعودی کھانے پیش کرنے کے لیے عملے کے ساتھ شامل ہوئے، ایک ویڈیو کلپ میں شہزادے کو چارکول پر چکن پکاتے ہوئے اور ایک گاہک کو ریسٹورنٹ کی فوڈ سیفٹی کی وضاحت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں شہزادے کا کہنا تھا کہ "نوجوان مجھ سے کہتے ہیں تم نے یہ کیوں پہن رکھا ہے اور تم اس طرح کیوں کام کر رہے ہو؟ میں ان سے کہتا ہوں یہ میرا کام ہے، میں اپنی ٹیم کے ساتھ اپنا کام بانٹنا پسند کرتا ہوں، کام ایک اعزاز ہے، یہ شرم کی بات نہیں ہے اور کوئی نبی ایسا نہیں ہے جس نے بھیڑ بکریاں نہ چرائی ہوں، اس لیے اپنے کام آپ کرو"۔

(جاری ہے)

عرب نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل شہزادے کی اس ویڈیوں نے کافی پذیرائی حاصل کی، ایک سعودی شہری عبدالرحمٰن السلیم نے کہا کہ "یہ ہمارے کچھ نوجوان مردوں اور عورتوں کے لیے ایک پیغام ہے جو اس طرح کے پیشوں میں کام کرنے سے انکار کرتے ہیں، شہزادہ نائف بن ممدوح بن عبدالعزیز جوش و جذبے کو متحرک کرتے ہیں اور خود روزگار کے کلچر کو فروغ دیتے ہیں"۔

ایک اور شہری محمد الشہری نے کہا کہ "شہزادہ نائف کا ایک خوبصورت اور شاندار منظر جو ذاتی طور پر ایک ریستورنٹ کے عملے کی معاونت اور اپنے گاہکوں کی خدمت کر رہے ہیں"۔ بتایا جاتا ہے کہ انسان دوست اور تبوک کے سابق گورنر شہزادہ ممدوح بن عبدالعزیز کے بیٹے سعودی شہزادے نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کئی خیراتی کام بھی کیے ہیں، ان کے منصوبوں میں سے ایک میں آگ بجھانے کی صلاحیتوں کے ساتھ ایک ریسکیو اور ریلیف ہیلی کاپٹر کی تخلیق شامل تھی، ایک ایسا اقدام جس کے بدلے انہیں جنیوا کی بین الاقوامی نمائش میں ایجادات کی بین الاقوامی فیڈریشن آف انوینٹرز ایسوسی ایشنز سے ایوارڈ بھی ملا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں