سعودی عرب نے جدید تعمیرات کا نیا منصوبہ تیار کرلیا

11 کلومیٹر جدہ کینال میگا پراجیکٹ میں 1 لاکھ 30 ہزار افراد کیلئے رہائشی اور کمرشل ایریاز بنائے جائیں گے

Sajid Ali ساجد علی پیر 4 ستمبر 2023 13:47

سعودی عرب نے جدید تعمیرات کا نیا منصوبہ تیار کرلیا
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 ستمبر 2023ء ) سعودی عرب نے اپنے ساحلی شہر جدہ میں جدید تعمیرات کا نیا منصوبہ تیار کیا ہے، گیم چینجر قرار دیے جانے والے کینال میگا پراجیکٹ میں 1 لاکھ 30 ہزار افراد کیلئے رہائشی اور کمرشل ایریاز بنائے جائیں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے جدہ کے قریب رہائشی اور کمرشل استعمال کا ایک میگا پروجیکٹ شروع کیا ہے جس میں 11 کلومیٹر کی نہر شامل ہے، سعودی عرب کے سب سے بڑے ڈویلپر روشن گروپ، جس کی ملکیت مملکت کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے پاس ہے، انہوں نے جدہ کے شمال میں واقع مارافی کو تیار کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا، جو مکمل ہونے کے بعد 1 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ رہائشیوں کو ایڈجسٹ کرے گا۔

حکام نے بتایا کہ منصوبے میں سعودی عرب میں پہلی بار بنائی جانے والی ایک 100 میٹر چوڑی نہر، اس کے کنارے گھومنے پھرنے کے راستے اور متعدد رہائشی اور تجارتی ایریاز ہوں گے، یہ نہر شکاگو، ہیمبرگ اور وسطی لندن کی طرح سائز میں ایک واٹر فرنٹ بنائے گی، واٹر ٹیکسیوں کے استعمال سے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے براہ راست نہری لنک فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ یہ آبی گزرگاہ اوبھور کریک سے منسلک ہوگی، جو بحیرہ احمر میں بہتی ہے اور زیر تعمیر جدہ ٹاور کے قریب واقع ہے، منصوبے کی لاگت اور اس کی تکمیل کی متوقع تاریخ ظاہر نہیں کی گئی، تاہم روشن گروپ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ گروور نے مارافی کو رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ سیکٹر میں گیم چینجر کے طور پر بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان شاندار منصوبوں میں سے ایک ہے جو جدہ کو تمام پہلوؤں سے عالمی معیار کی منزل کے نقشے پر کھڑا کرے گا، روشن گروپ کا قیام پورے سعودی عرب میں رہائشی کمیونٹیز کو ترقی دے کر طویل مدتی سرمایہ کاری کرنے کے لیے کیا گیا، جو ریاض، مکہ، مشرقی ریجن، عسیر اور الخرج میں ہاؤسنگ پروجیکٹس تیار کر رہا ہے، روشن کمیونٹیز میں گھر کے خریداروں کو وزارت ہاؤسنگ کی طرف سے پیش کردہ پروگرام تک رسائی حاصل ہوگی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں