جدہ میں مٹھائی میں چھپائی 22 لاکھ سے زائد ممنوعہ گولیاں برآمد

کیپٹاگون گولیوں کی یہ بڑی مقداربندرگاہ کے ذریعے سعودی عرب پہنچنے والی کھیپ کے ڈبوں سے ملی

Sajid Ali ساجد علی پیر 14 اگست 2023 10:54

جدہ میں مٹھائی میں چھپائی 22 لاکھ سے زائد ممنوعہ گولیاں برآمد
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اگست 2023ء ) سعودی عرب میں جدہ کسٹمز نے بقلاوة مٹھائی کی کھیپ کے طور پر چھپائی گئی 2.2 ملین کیپٹاگون گولیوں کو ناکام بنا دیا۔ سعودی گزٹ کے مطابق جدہ اسلامک پورٹ پر زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی (ZATCA) نے 22 لاکھ 42 ہزار 560 کیپٹاگون گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا ہے جو بقلاوة مٹھائی کے ڈبوں میں چھپائی گئی تھیں۔

بتایا گیا ہے کہ اسے کیپٹاگون گولیوں کی یہ بڑی مقدار مٹھائی کی ایک کھیپ بقلاوة ملنے کے بعد ملی جو بندرگاہ کے ذریعے سعودی عرب پہنچی تھی، کسٹم کے طریقہ کار سے گزرنے کے بعد اور حفاظتی تکنیکوں کے ذریعے کی جانے والی جانچ پڑتال کے نتیجے میں بقلاوة کے ڈبوں کی تہوں کے نیچے چھپی ہوئی کیپٹاگون گولیاں ملی ہیں، کارروائی کے دوران 2 مشتبہ افراد کی گرفتاری کی تصدیق ہوئی جو یہ کھیپ وصول کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کی ہر قسم کی کوششوں سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی درآمدات اور برآمدات پر کسٹم کنٹرول کو سخت کیا گیا ہے، ہمارے تمام تر اقدامات کا مقصد ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کی کوششوں کا مقابلہ کرکے معاشرے کی سلامتی اور تحفظ کو بڑھانا ہے۔ اس حوالے سے اتھارٹی نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ معاشرے اور قومی معیشت کی حفاظت کے لیے اسمگلنگ کی کارروائیوں سے نمٹنے میں اپنا حصہ ڈالیں، شہری و رہائشی سمگلنگ کے جرائم کی اطلاع دیں، یونیفائیڈ کسٹم سسٹم کی دفعات کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹس مکمل رازداری میں موصول ہوتی ہیں، اگر ان کی فراہم کردہ معلومات درست ثابت ہوئیں تو ایسی اطلاعات دینے والوں کو مالی انعامات دیئے جاتے ہیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں