مکہ : نقلی پستول دکھا کروارداتیں کرنےوالوں کو قید ہو گئی

ملزمان کو 3 سال قید اور100 کوڑوں کی سزا دی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 دسمبر 2018 13:41

مکہ : نقلی پستول دکھا کروارداتیں کرنےوالوں کو قید ہو گئی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10دسمبر2018ء) فوجداری عدالت نے دو سعودی نوجوانوں کو ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کے جُرم میں تین سال قید اور 100کوڑوں کی سزا سُنا دی ہے۔ یہ کوڑے تھوڑے تھوڑے دِنوں کے وقفے سے مارے جائیں گے۔ ایک مقامی اخبار نے بتایا کہ ان مجرموں کی عمر 20 برس کے قریب ہے۔ استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ جدہ پولیس کو ایسی کئی شکایات موصول ہوئی تھیں کہ دو نامعلوم نوجوان لیموزین ڈرائیورز کو پستول دکھا کر روکتے ہیں اور پھر اُس کے پاس موجود رقم سے محروم کر کے فرار ہو جاتے ہیں۔

ایڈونچر کے متلاشی یہ نوجوان اپنی ہر واردات کی ویڈیو بھی بنا لیتے، اُن کی یہی حماقت اُنہیں بہت بھاری پڑ گئی اور وہ پولیس کے شکنجے میں آ گئے۔پولیس نے ان نوجوانوں سے مختلف وارداتوں میں لُوٹی گئی 25 ہزار ریال کی رقم بھی برآمد کر لی تھی۔

(جاری ہے)

عدالت میں یہ انکشاف ہوا کہ نوجوان اپنی واداتوں کو انجام دینے کے لیے اصلی کی بجائے نقلی پستول کا استعمال کرکے ڈرائیورز کو بے وقوف بناتے تھے۔

دونوں نوجوانوں کے خلاف کافی شواہد اور گواہیوں کے بعد عدالت نے انہیں راہزنی کی وارداتوں کی پاداش میں تین برس قید اور 100کوڑوں کی سزا سُنائی تھی۔ جس کے خلاف ملزمان نے اپیل کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے درخواست کی تھی کہ اُن کی سزا کا دورانیہ تین ماہ سے گھٹا کر 6 ماہ کر دیا جائے۔ گاہم اپیل کورٹ نے ملزمان کی یہ درخواست مسترد کر دی جس کے بعد انہیں جیل بھیج دیا گیا۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں