سعودی عرب : غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف آپریشن جاری

اللیث ، اضم اور الجوف کے علاقوں سے درجنوں غیر مُلکی پکڑ لیے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 19 دسمبر 2018 15:04

سعودی عرب : غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف آپریشن جاری
مکّہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر2018ء ) گزشتہ سال نومبر 2017ء میں غیر مُلکی تارکین وطن کے خلاف شروع ہونے والے آپریشن کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں نے اب تک تقریباً 22لاکھ گرفتار کر لیے ہیں۔ حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں سے 564,800 غیر قانونی تارکین وطن کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔ ’غیر قانونی تارکین وطن سے پاک مملکت‘ کے نام سے شروع کی گئی اس مہم میں 19 سرکاری اور نجی سیکیورٹی ایجنسیز حصّہ لے رہی ہیں، جن میں وزارت محنت و سماجی بہبود کے علاوہ محکمہ جوازات بھی شامل ہے۔

حالیہ کارروائی کے دوران اللیث کمشنری میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم 30 غیر مُلکیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان افراد کا تعلق مختلف ممالک سے بتایا جاتا ہے۔ گرفتار کیے گئے افراد کو شمیشی ترحیل بھجوا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جہاں اُنہیں غیر قانونی تارکین وطن کے لیے مخصوص جیل میں رکھنے کے بعد مُلک بدر کر دیا جائے گا اور اُن کے لیے آئندہ مملکت میں داخلے پر مستقل پابندی عائد کر دی جائے گی۔

ایسی ہی ایک کارروائی الجوف کی پولیس کی جانب سے بھی کی گئی۔ جس دوران اقامہ اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی کے علاوہ غیر قانونی طریقے سے سعودی سرحد پار کرنے والوں کو چھاپہ مار مہم کے دوران مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ القریات اور طبرجل سے بھی درجنوں تارکین وطن کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ مملکت میں اس وقت ویزہ قواعد کی خلاف ورزیوں میں ملوث 12,926 گرفتار شُدگان کو مختلف قید خانوں میں رکھا گیا ہے۔ جن میں مردوں کی تعداد 10,854 جبکہ خواتین کی تعداد 2,072 ہے۔

متعلقہ عنوان :

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں