مکّہ: کیش پرائز کے بہانے لوگوں کو لوٹنے والے نوسرباز گرفتار

گرفتار 12 افراد کا تعلق ایشیائی ممالک سے ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 دسمبر 2018 12:54

مکّہ: کیش پرائز کے بہانے لوگوں کو لوٹنے والے نوسرباز گرفتار
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 دسمبر2018) پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ حالیہ کارروائی کے دوران 12 فراڈیئے ایشیائی باشندوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو لوگوں کو اُن کے کیش پرائز نکلنے کی جھوٹی خوش خبری دے کر اُنہیں لُوٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ یہ نوسرباز عوام کو ٹیلی فون کر کے خود کو کسی سعودی بینک کا ملازم ظاہر کرتے اور پھر اُنہیں خوش خبری سُناتے کہ بینک کی قرعہ اندازی میں اُن کا بڑا کیش پرائز نکلا ہے۔

جس کی وصولی کے لیے اکاؤنٹ کی معلومات فراہم کرنا ہوں گی تاکہ اس میں رقم منتقل ہو سکے۔ اس طرح یہ لوگ بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرز سے خفیہ معلومات حاصل کرنے کے بعد اکاؤنٹ میں سے بیلنس نکال لیتے۔ اس طرح یہ لوگ عوام کے ساتھ کی گئی دھوکا دہی کے باعث لمبی رقم بٹور چْکے تھے۔

(جاری ہے)

ان اطلاعات کے ملنے کے بعد پولیس نے کی جانب سے ایک تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ان افراد کے ٹھکانوں کا پتا چلاچھاپے مارے اور 12 افراد کو گرفتار کر لیا۔

جنہوں نے پولیس کے رُوبرو اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ان گرفتار شُدگان کے قبضے سے مجموعی طور پر 44ہزار ریال کی رقم، 45 موبائل سیٹ اور 101 موبائل سمز برآمد کر کے ضبط کی گئیں۔ ملزمان کے خلاف عدالتی کارروائی کے لیے انہیں سرکاری استغاثہ کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ جہاں سے اُن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس ترجمان نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس قسم کے دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں اور اپنی ذاتی معلومات اور بینک اکاؤنٹ کی خفیہ تفصیلات کسی پر ظاہر نہ کریں۔ تاکہ اْنہیں اْن کی قیمتی رقم سے محروم ہونے کا صدمہ نہ سہنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں