سعودی عرب کی منظور شدہ کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں نہ لگوانے والوں کی عمرہ ادائیگی پر پابندی عائد

مسجد الحرام، مسجد نبویﷺ میں داخلے اور نماز ادائیگی کی بھی اجازت نہیں ملے گی، نئے فیصلے کا اطلاق 10 اکتوبر سے ہو گا

muhammad ali محمد علی اتوار 10 اکتوبر 2021 01:01

سعودی عرب کی منظور شدہ کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں نہ لگوانے والوں کی عمرہ ادائیگی پر پابندی عائد
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اکتوبر2021ء) سعودی عرب کی منظور شدہ کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں نہ لگوانے والوں کی عمرہ ادائیگی پر پابندی عائد، مسجد الحرام، مسجد نبویﷺ میں داخلے اور نماز ادائیگی کی بھی اجازت نہیں ملے گی، نئے فیصلے کا اطلاق 10 اکتوبر سے ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق عرب خبر رساں ادارے العربیہ نیوز میں شائع کردہ رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ ادائیگی اور مقدس مقامات کی زیارت کے حوالے سے نئی پابندی کا اطلاق کر دیا ہے۔

اعلان کیا گیا ہے کہ آئندہ سے سعودی حکومت کی منظورشدہ کرونا کی کسی بھی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں ہی کو عمرے کے اجازت نامے جاری کیے جائیں گے، اس فیصلے کا اطلاق 10 اکتوبر بروز اتوار سے ہو گا ۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کی منظورہ شدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں نہ لگوانے والے عازمین پر مزید پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔ آئندہ سے مسجد الحرام، مسجد نبویﷺ میں داخلے اور نماز ادائیگی کی اجازت بھی مشروط کردی گئی ہے، اب ان دونوں مقدس مقامات پر صرف ان ہی عازمین اور زائرین کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے مملکت میں منظورشدہ کرونا وائرس کی کسی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا رکھی ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ جن لوگوں کو ویکسین لگوانے سے مستثنیٰ قراردیا گیا ہے، ان کے نام وزارت صحت کی ’’توکلنا" ایپلی کیشن پر ظاہر ہونے چاہییں۔ یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ جن لوگوں نے پہلے ہی عمرہ ادائیگی کی اجازت حاصل کر لی ہے، انہیں مکہ یا مدینہ میں ، نماز یا مناسک ادا کرنے کا اجازت نامہ مل چکا ہے، ان لوگوں نے اگر ابھی تک ویکسین کی دونوں خوراکیں نہیں لگوائی ہیں،تو انھیں اپنے اجازت کی تنسیخ سے بچنے کے لیے مقررہ تاریخ سے 48 گھنٹے پہلے کرونا ویکسین کی دوسری خوراک لگوانا ہوگی۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں