بارش اور دھوپ سے محفوظ رکھنے کیلئے عمرہ زائرین میں مفت چھتریاں بانٹ دی گئیں

چھتریوں کا انتظام عبادت میں آسانی اور عمرہ ارکان کی ادائیگی میں کسی قسم کی پریشانی سے محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی طور پر کی جانے والی خدمت کا حصہ ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 12 اگست 2022 13:26

بارش اور دھوپ سے محفوظ رکھنے کیلئے عمرہ زائرین میں مفت چھتریاں بانٹ دی گئیں
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 اگست 2022ء ) ملکہ مکرمہ میں ہونے والی بارشوں اور دھوپ سے محفوظ رکھنے کیلئے عمرہ زائرین میں مفت چھتریاں بانٹ دی گئیں۔ عرب نیوز کے مطابق حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے مسجد الحرام میں آنے والے زائرین اور معتمرین میں چھتریاں تقسیم کی گئیں، اس حوالے سے سماجی ، رضاکارانہ اور انسانی خدمات کے ادارے کے ذمہ دارخالد بن فہد الشلوی نے بتایا کہ عمرہ زائرین کے لیے چھتریوں کا انتظام ان کی عبادت میں آسانی اور عمرہ ارکان کی ادائیگی میں انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی طور پر کی جانے والی خدمت کا ایک حصہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمرہ زائرین کے لیے مختلف قسم کی خدمات اور چھتریاں تقسیم کرنے کا انتظام حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کے صدر عبدالرحمان السدیس کی خصوصی ہدایات پر کیا گیا، چھتریوں کی تقسیم کے باعث زائرین کو آسانی کے ساتھ عمرہ مکمل کرنے اور محفوظ ماحول فراہم کرنے میں آسانی ہوگی۔

(جاری ہے)

ادھر حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کی ویب سائٹ سے معلوم ہوا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے ذریعے 200 سے زائد سپروائزرز، 4 ہزار خواتین اور مرد کارکنوں کے علاوہ مختلف قسم کا حفاظتی سامان مسجد الحرام میں زائرین کو بارش سے محفوظ رکھنے کے لیے استعمال کیا گیا ہے، نماز کے دوران مختلف مقامات، داخلی اور خارجی راستے اور مطاف کے حصے میں بارش سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں سالانہ مناسک حج کے اختتام کے فوراً بعد نیا عمرہ سیزن 30 جولائی کو شروع ہوا، سعودی حکام کو نئے سیزن میں ایک کروڑ سے زائد عمرہ زائرین کی آمد متوقع ہے جب کہ سال بھر میں عمرہ کرنے کے خواہشمند بیرون ملک مقیم مسلمانوں کے لیے کوئی زیادہ سے زیادہ حد مقرر نہیں ہے، بیرون ملک مقیم مسلمان جدہ کے ہوائی اڈے تک محدود رہے بغیر مملکت کے کسی بھی ایئرپورٹ سے سعودی عرب میں داخل ہو سکتے ہیں اور مملکت کے کسی بھی ہوائی اڈے کے ذریعے روانہ بھی ہو سکتے ہیں تاہم عمرہ کرنے کے لیے اعتمرنا ایپ سے اجازت نامہ حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے بشرطیکہ درخواست دہندہ کورونا وباء سے متاثر نہ ہو یا کسی مریض سے رابطے میں نہ آیا ہو۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں