رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عمرہ بکنگ فل ہوگئی

مجموعی طور پر ماہِ مقدس کے 13 دنوں میں عمرہ کے لیے مزید بکنگ اب دستیاب نہیں

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 مارچ 2023 11:40

رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عمرہ بکنگ فل ہوگئی
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 مارچ 2023ء ) رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عمرہ کے لیے بکنگ فل ہوگئی ہے اور مجموعی طور پر اب ماہِ مقدس کے 13 دنوں میں عمرہ کے لیےمزید بکنگ دستیاب نہیں ہے، نُسُک کے ذریعے بکنگ کے لیے زیادہ ٹرن آؤٹ رہا۔ سعودی اخبار عکاظ کے مطابق سعودی عرب میں رمضان المبارک کے دوران عمرہ کے لیے بکنگ اب مہینے کے 13 دنوں میں دستیاب نہیں ہے، رمضان کے دوران عمرہ کرنے کے لیے نُسُک ایپ کے ذریعے سب سے زیادہ بکنگ کی جارہی ہے، کیوں کہ ماہ مقدس عام طور پر عمرہ کرنے کے لیے چوٹی کا موسم ہوتا ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایپ کے ذریعے اب تک کی گئی ریزرویشنز کی بریک ڈاؤن سے پتہ چلتا ہے کہ ماہ کے 13 دن بشمول رمضان کے آخری 10 دن پہلے ہی مکمل بک ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ مہینے کے 6 دیگر دنوں میں عمرہ کرنے کی مانگ بہت زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والے رمضان المبارک کے دوران عمرہ کی اجازت نُسُک کے ذریعے مملکت کے اندر اور باہر کے مسلمانوں کے لیے حاصل کی جا سکتی ہے، نُسُک پلیٹ فارم عمرہ کرنے یا مملکت میں مقدس مقامات کی زیارت کے خواہشمند مسلمانوں کو ضروری ویزا اور پرمٹ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ پیکجوں کو الیکٹرانک طور پر بک کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب نے حالیہ مہینوں میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے ملک آنے کے خواہشمند مسلمانوں کے لیے متعدد سہولیات کی نقاب کشائی کی ہے، مختلف قسم کے داخلے کے ویزے رکھنے والے مسلمانوں کو ذاتی، وزٹ اور سیاحتی ویزے کے حامل افراد کو عمرہ کرنے اور حضرت محمد ﷺ کے روضہ مبارک جانے کی اجازت ہے۔ سعودی حکام نے عمرہ ویزا کی مدت بھی 30 دن سے بڑھا کر 90 کر دی ہے اور حاملین کو تمام زمینی، فضائی اور سمندری راستوں سے مملکت میں داخل ہونے اور کسی بھی ہوائی اڈے سے جانے کی اجازت دی ہے، سعودی شہری اپنے بیرون ملک دوستوں کو مملکت کا دورہ اور عمرہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ سعودی عرب نے ایک اسٹاپ اوور ٹرانزٹ ویزا بھی جاری کیا ہے، جس کے حامل افراد کو عمرہ کرنے، مسجد نبوی ﷺ میں جانے اور مملکت بھر میں مختلف تقریبات میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے، 4 دن کا ٹرانزٹ ویزا 90 دنوں کے لیے کارآمد ہے، اسی طرح جی سی سی ممالک کے رہائشی سعودی عرب سیاحتی ویزا کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں خواہ ان کا پیشہ کچھ بھی ہو، انہیں عمرہ کرنے کی بھی اجازت ہوگی۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں