حرمین ٹرین نےباقاعدہ حج سروس کا آغاز کر دیا

اس سلسلے میں چلنے والی پہلی ٹرین نے 170عازمین حج کو مدینہ سے مکّہ پہنچا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 3 اگست 2019 13:17

حرمین ٹرین نےباقاعدہ حج سروس کا آغاز کر دیا
مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3اگست 2019ء) حرمین ٹرین کا شمار دُنیا کی تیز رفتار ٹرینوں میں ہوتا ہے۔ اس ٹرین کی بدولت مدینہ اور مکّہ سے سفر کرنے والے زائرین، عازمین حج اور عام مسافروں کو بہت بڑی اور آرام دہ سہولت حاصل ہو گئی ہے۔ رواں حج کے سیزن میں حرمین ٹرین کی جانب سے پہلی بار باقاعدہ حج سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق گزشتہ روز حرمین ٹرین حاجیوں کی پہلی کھیپ لے کر مدینہ منورہ سے مکّہ معظمہ پہنچ گئی۔

اس اولین حج سروس کے موقع پر حرمین ٹرین میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 170مرد و خواتین عازمین حج کو مدینہ سے مکّہ پہنچایا گیا۔ عازمین حج نے جدید ترین ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز حکومت کا شکریہ ادا کیا، حرمین ٹرین کے ذریعے مکہ معظمہ پہنچنے والے اللہ کے مہمانوں کا سرکاری سطح پر استقبال کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان سے آئے عازم حج مروان نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے حجاج کرام کی ٹرانسپورٹ کے لیے جو سہولیات فراہم کی ہیں وہ قابل تعریف ہیں، ہرمسلمان ان سہولیات کی تحسین اور تعریف کرتا ہے۔حج کے لیے برطانیہ سے آئے مختار احمد نے بھی حرمین ٹرین کے ذریعے مدینہ منورہ سے مکہ معظمہ کا سفر کیا،انہوں نے کہا کہ حرمین تیز رفتار ٹرین عازمین حج کے لیے سعودی عرب میں سفر کا بہترین تحفہ ہے۔

بھارتی مسلمان برھان سلیم نے کہا کہ سعودی حکومت کی طرف سے عازمین حج کے لیے فراہم کردہ تمام سہولیات غیرمعمولی اہمیت کی حامل ہیں، انہوں نے خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے مسلمانوں کے لیے خدمات کو سراہا اور کہا کہ سعودی حکومت کے حج انتظامات سے خادم الحرمین کی اللہ کے مہمانوں کی دینی خدمت کے جذبے کی عکاسی ہوتی ہے۔لندن سے آئی امیمہ فاروق نے کہا کہ بلاد حرمین پہنچنے پر میں اپنے خوشی بیان نہیں کرسکتی، ہمارے لیے فرئضہ حج کی ادائی اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری بہت بڑی سعادت ہے۔ان کا کہناتھا کہ میں سعودی حکومت کی طرف سے بہترین سفری اور ٹرانسپورٹ سہولیات کی فراہمی پرحکومت کی شکر گذار ہوں۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں