ٹرمپ سے بات چیت دو طرفہ تعلقات کا اہم موڑ ثابت ہوگی،سعودی عرب

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی قیادت نے اعتماد کیا،ملکر اس لعنت سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں، شاہ سلمان

منگل 23 مئی 2017 11:51

ٹرمپ سے بات چیت دو طرفہ تعلقات کا اہم موڑ ثابت ہوگی،سعودی عرب
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ریاض کی میزبانی میں ہونے والی اسلامی، عرب،امریکا سربراہ کانفرنس میں شرکت کرنے والی مسلمان، عرب اور امریکی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی بات چیت دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے ایک نئے موڑ کا نقطہ آغاز ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق شاہ سلمان نے ان خیالات کا اظہار ریاض میں واقع قصر الیمامہ میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے آغاز میں شاہ سلمان نے کہا کہ ریاض میں جمع ہونے والی اسلامی، عرب اور امریکی قیادت ان کے دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنے کے عزم پر سعودی قوم اور حکومت ان کے شکر گذار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی اپیل پر خلیج تعاون کونسل کی قیادت، عرب قیادت اور مسلمان ممالک کے قائدین نے ریاض میں ہونے والی مشاورتی کانفرنس میں شرکت کرکے سعودی عرب پراعتماد کا اظہار کیا ہے۔

شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالم اسلام، عرب دنیا اور امریکی قیادت نے سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی سربراہ کانفرنسوں کے دوران دہشت گردی، دیرپا قیا امن اور دنیا میں استحکام کے چیلنجز سے مل کر نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا اور یہ ثابت کیا ہے کہ بین الاقوامی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عرب اور مسلمان ممالک کے ساتھ امریکا بھی ایک ہی صفحے پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک اور امریکاکے درمیان طے پائے معاہدے تاریکی اہمیت کے حامل سمجھے جائیں گے۔ بالخصوص خلیجی قیادت اور امریکا کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے جنگ لڑنے کے اعلان، دہشت گردوں کی مالی معاونت کے مراکز پر مل کر کاری ضرب لگانے، اعتدال پسندی اور انسداد انتہا پسندی مرکز کے قیام جیسے اقدامات تاریخ ساز فیصلے تصور کیے جائیں گے۔

شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، تمام شعبہ ہائے زندگی میں تعاون کو فروغ دینے، مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور خطے میں مستحکم امن کے قیام، سعودی عرب کے اقتصادی ویڑن کی روشنی میں دو طرفہ تجارتی و سرمایہ کاری 2 کھرب 80 ارب ڈالر کے منصوبوں کی منظوری سمیت دیگر تمام تفصیل سے زیر بحث آئے۔

صدر ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی بات چیت ’اسٹرٹیجک پارٹنر شپ‘ کے نقطہ نظر سے دو طرفہ تعلقات کا نیا موڑ ثابت ہوگی۔شاہ سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پرآنے والے وفد کا سعودی قوم اور حکومت کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔ادھر دوسری جانب کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کو جاری کردہ بیان میں حال ہی میں ریاض کی میزبانی میں ہونے والی اسلامی، عرب اور امریکی سربراہ کانفرنس پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ اسلامی ممالک اور عرب سربراہ قیادت دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے اور فساد فی الارض کے مرتکب عناصر کے خلاف مل کر لڑنے پر متفق ہے۔ نہ صرف خلیجی قیادت بلکہ عرب ممالک اور عالم اسلام کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے شاہ سلمان پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں