سعودی عوام بجلی و پانی کے زائد بِلوں پر پھٹ پڑے

کئی صارفین کے مطابق اُ نہیں پانی کے بِل ایک لاکھ ریال سے بھی زائد آئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 14 جنوری 2019 11:15

سعودی عوام بجلی و پانی کے زائد بِلوں پر پھٹ پڑے
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 جنوری 2019ء) گزشتہ موسمِ گرما میں مملکت میں مقیم سعودی اور غیر مُلکی باشندے بجلی کے بھاری بِلوں کے ہاتھوں پریشان نظر آئے۔ لاکھوں افراد کا کہنا تھا کہ اُنہیں بجلی کے بِل بہت زیادہ موصول ہوئے ہیں۔ جس پر بجلی محکمہ کا کہنا تھا کہ ایسا ایئر کنڈیشنر کے زیادہ استعمال کے باعث ہوا ہے۔ تاہم موسمِ سرما کے دوران بھی ہزاروں مُلکی و غیر مُلکی افراد سوشل میڈیا پر سرکاری اداروں کے خلاف پھٹ پڑے ہیں۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ اُنہیں موسمِ سرما میں بھی پانی اور بجلی کے بہت زیادہ بِل موصول ہوئے ہیں۔ جو کہ اُن کی سمجھ سے باہر ہے۔ شہریوں نے اپنی شکایات میں کہا کہ اُنہوں نے واٹر سپلائی کے محکمے سے زائد بل کی وصولی کی شکایت کی ہے مگر محکمے کی جانب سے اُن کی شکایت پر غور تک نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

کئی صارفین کے مطابق اُنہیں جب اپنا پانی کا بِل موصول ہوا تو اُس پر ایک لاکھ کی رقم دیکھ کر اُن کے ہاتھوں کے طوطے اُڑ گئے۔

اس سے لگتا ہے کہ میٹرز میں کوئی خرابی ہے یا حساب لگانے والے سے کوئی غلطی ہو رہی ہے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ موسمِ سرما میں پانی اور بجلی کا استعمال بہت کم ہو جاتا ہے، اُس کے باوجود بِلوں میں کمی نہ ہونا حیران کُن ہے۔حکومت کو اس معاملے پر ایک کمیشن تشکیل دے کر زائد بِلوں کے اجراء کی تحقیقات کرانی چاہئیں۔ تاکہ عوام کو ذہنی اور مالی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس معاملے پر سعودی محکمہ بجلی و پانی نے سعودیوں اور غیر مُلکیوں کو ہدایت کی ہے کہ ضرورت سے زائد پانی اور بجلی کے بِلوں کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ سرکاری اداروں سے رجوع کر کے شکایت درج کروائیں۔ اگر متعلقہ ادارہ مسئلہ حل نہ کرے تو محکمہ اس معاملے میں اپنی مداخلت کرے گا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں