سعودی عرب میں نوجوان شہد کی مکھیوں کے کاٹنے سے جاں بحق

30سالہ نوجوان ایک روز تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 8 نومبر 2019 11:10

سعودی عرب میں نوجوان شہد کی مکھیوں کے کاٹنے سے جاں بحق
ریاض (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8نومبر 2019ء) سعودی عرب میں ایک نوجوان کو شہد کی مکھیوں نے کاٹ کاٹ کر اُسے زندگی سے محروم کر دیا۔ سعودی ویب سائٹ سبق کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ باحہ کے پہاڑی علاقے کرا میں پیش آیا۔ متوفی کے والد بخیت الغامدی نے بتایا کہ اُن کے 30 سالہ بیٹے پر کرا کے علاقے میں شہد کی مکھیوں نے حملہ کر کے اُسے شدید زخمی کر دیا، جس کے باعث وہ بے ہوش ہو گیا، اُسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ ایک روز تک بے ہوشی کی حالت میں ہی زیر علاج رہنے کے بعد اللہ کو پیارا ہو گیا۔

بدنصیب نوجوان کے والد کا مزید کہنا تھا کہ اُن کا بیٹا تندرست اور صحت مند تھا، اسے کسی قسم کی کوئی بیماری نہیں تھی۔ شاید اُس نے شہد کی مکھیوں کے کسی بڑے چھتے کو چھیڑ دیا تھا، جس کے بعد یہ بپھری ہوئی مکھیاں اُس پر حملہ آور ہو گئیں اور اُسے کاٹ کاٹ کر بے ہوش کر دیا، اور یہ حملہ اُس کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

بخیت الغامدی نے بتایا کہ عام طور پر شہد کی مکھی کے کاٹنے سے زندگی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوتا، البتہ اگر اُن کی ایک بڑی تعدادحملہ کر دے تو ایسی صورت میں متاثرہ شخص کو سانس لینے میں دُشواری ہونے لگتی ہے، خون کا دورانیہ گھٹ جاتا ہے اور اس کیفیت میں دِل کا دورہ بھی پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ باحہ سعودی مملکت میں شہد کی پیداوار کے لحاظ سے خاصا مشہور ہے۔ یہاں پر لوگوں کی جانب سے شہد کی مکھیوں کو پال کر اُن سے شہد حاصل کرنے کے بعد رقم کمائی جاتی ہے۔ اس علاقے میں مختلف مقامات پر شہد کی مکھیوں کے بڑے بڑے چھتے ہیں۔ جن کو چھیڑنے والا بھاری مصیبت کا شکار ہو سکتا ہے۔عموماً شہد کی مکھیاں اُسی شخص کو کاٹتی ہیں، جو اُنہیں پریشان کرنے کی حماقت کر بیٹھتا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں