گولڈن ویزہ حاصل کرنے کے لیے ڈاکٹرز کو کونسی دستاویزات جمع کروانی ہوں گی

اماراتی حکومت نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ویڈیو کلپ جاری کر کے تفصیلات جار ی کر دیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 30 جولائی 2021 11:49

گولڈن ویزہ حاصل کرنے کے لیے ڈاکٹرز کو کونسی دستاویزات جمع کروانی ہوں گی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30جولائی2021ء ) متحدہ عرب امارات کا گولڈن ویزہ دُنیا بھر کے پروفیشنلز کی نگاہوں اور اُمیدوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس ویزے کی بدولت امارات میں پانچ سال یا دس سال تک قیام ممکن ہو جاتا ہے۔ اس حوالے سے امارات میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز سمیت تمام ہیلتھ پروفیشنلز کے لیے انتہائی شاندار خبر آ گئی ہے۔ اماراتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یو اے ای میں طبی خدمات انجام دینے والے تمام ڈاکٹروں کو 10 سال کے لیے گولڈن ویزہ جاری کیا جائے گا۔

اماراتی حکام نے تمام ڈاکٹرز سے کہا کہ وہ ستمبر تک گولڈن ویزہ اپلائی کرنے کے لیے درخواستیں جمع کروا دیں۔ اس حوالے سے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو کلپ جاری کر کے گولڈن اقامے کے لیے اپلائی کرنے کا طریقہ کار بیان کیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرز کو اس ویزے کے حصول کے مندرجہ ذیل دستاویزات جمع کروانی ہوں گی۔

۔ پاسپورٹ ۔ اماراتی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ پیشہ ورانہ اجازت نامہ ۔

میڈیکل انشورنس پیکیج کی کاپی
واضح رہے کہ گولڈن ویزہ حاصل کرنے والے ڈاکٹرز کے اہل خانہ کو بھی امارات میں ان کے ساتھ قیام کی اجازت ہو گی اور دیگر مراعات بھی حاصل ہو جائیں گی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم اور دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے۔

جس کے بعد امارات میں مقیم تمام ڈاکٹرز کو جلد گولڈن ویزے جاری کر دیئے جائیں گے۔ اماراتی حکومت نے مملکت میں مقیم تمام غیر ملکی ڈاکٹرز کو گولڈن ویزے جاری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں اور ڈاکٹرز کو ہدایات جاری کی ہے کہ وہ گولڈن اقامے کے حصول کے لیے درخواست جمع کر وا دیں۔ شیخ محمد بن راشد المکتوم نے غیر ملکی ڈاکٹرز کے لیے اس شاندار سہولت کا اعلان کرنے کے موقع پر ان کی کورونا کے خلاف لڑائی میں شاندار خدمات کا اعتراف بھی کیا۔

اماراتی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امارات میں مقیم وہ تمام ڈاکٹرز جن کے پاس میڈیکل اتھارٹی کی جانب سے اجازت نامہ ہے وہ ستمبر 2021تک گولڈن اقامے کے حصول کے لیے آن لائن درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ امارات کی تمام ریاستوں میں قائم ویزہ ڈیپارٹمنٹس کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ لائسنس ہولڈرز ڈاکٹرز سے گولڈن اقامے سے متعلق درخواستوں کی وصولی کا کام شروع کر دیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں