مسجد نبوی میں تقریباً ڈیڑھ سال بعد آب زمزم کے کولر دوبارہ رکھنے کا اعلان

مسجد کے تمام حصوں میں آب زمزم کے کولر واپس رکھے جا رہے ہیں۔ حرمین شریفین انتظامیہ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 ستمبر 2021 15:45

مسجد نبوی میں تقریباً ڈیڑھ سال بعد آب زمزم کے کولر دوبارہ رکھنے کا اعلان
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 ستمبر 2021ء ) مسجد نبوی میں تقریباً ڈیڑھ سال بعد آب زمزم کے کولر دوبارہ رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مسجد نبوی میں زمزم کے کولر واپس رکھنے کی منظوری حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے دی گئی ہے ، جس کے تحت مسجد کے تمام حصوں میں آب زمزم کے کولر واپس رکھے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں مسجد نبوی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث مسجد نبوی سے اٹھالئے گئے زمزم کے کولروں کو تمام تر احتیاطی و حفاظتی تدابیر کے ساتھ واپس رکھا جارہا ہے ، کیوں کہ اب حالات قابو میں ہیں اور ملکت کے رہائشیوں کی بڑی تعداد کورونا ویکسین بھی لگوا چکی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ زمزم کے کولروں کی واپسی کے دوران صحت کے پہلو سے تمام حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات پر عمل درآمد کیا جائے گا ، اس مقصد کے لیے قائم کردہ زمزم کی لیبارٹری پانی کے معیار اور سلامتی کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم عنصر ہے ، یہ تجربہ گاہ جدید ترین ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس ہے اور یہاں خصوصی تکنیکی عملہ روزانہ کی بنیاد پر مختلف جگہوں سے پانی کے نمونے لے کر ان کی جانچ کرتا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مسجد نبوی میں نمازوں کی ادائیگی سے متعلق وضاحت بھی جاری کی گئی ہے ، سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسجد نبوی میں فرض نمازیں ادا کرنے کے لیے اجازت نامہ ضروری نہیں ہے بلکہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا لازمی ہے جب کہ سلام پیش کرنے اور روضہ شریف میں نماز ادا کرنے کے لیے پہلے کی طرح اب بھی اجازت نامہ ضروری ہے۔

وزارت حج و عمرہ کے مطابق ایسے زائرین کو مسجد نبوی میں نماز کی اجازت ہوتی ہے جنہوں نے کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوالی ہوں یا کورونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہوں یا پھر انہیں کورونا کی پہلی خوراک لگوائے 14 دن گزر چکے ہوں ، ایسے لوگوں سے الگ سے اجازت نامہ طلب نہیں کیا جاتا بلکہ انہیں توکلنا ایپ پر سٹیٹس دکھانے کے لیے کہا جاتا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں