سعودی عرب کا ہوم ڈیلیوری سروس کیلئے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان

مملکت کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نئے ضوابط کو مرحلہ وار لاگو کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 جنوری 2024 13:38

سعودی عرب کا ہوم ڈیلیوری سروس کیلئے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 جنوری 2024ء ) سعودی عرب نے ہوم ڈیلیوری سروس کیلئے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان کردیا، ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نئے ضوابط کو مرحلہ وار لاگو کیا جائے گا، جس سے اس شعبے کے روزگار کے منظر نامے میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔ سعودی میڈیا کے مطابق مملکت کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ہوم ڈلیوری کے شعبے کو منظم کرنے اور اس میں بہتری لانے کے لیے نئے ضوابط کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت فوڈ ڈلیوری اور ہوم ڈلیوری میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کو 14 ماہ میں لائیٹ ٹرانسپورٹ کمپنیوں سے وابستہ ہونا پڑے گا، ان ضوابط کا ایک اہم پہلو ڈیلیوری خدمات میں کام کرنے والے غیرملکیوں کے لیے یونیفارم کا تعارف ہے، جس کو ڈیلیوری اہلکاروں کی ظاہری پہچان کو معیاری بنانے کی جانب ایک قدم کے طور پر دیکھا جارہا ہے، جس کے بارے میں اتھارٹی کا خیال ہے یہ صارفین کے لیے زیادہ پیشہ ورانہ اور قابل اعتماد سروس کے تجربے میں معاون ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ نئے ضوابط میں ہوم ڈلیوری کے لیے موٹر سائیکلوں کے استعمال پر بھی توجہ دی گئی ہے، ہوم ڈلیوری کمپنیوں کو اس بات کا بھی پابند کیا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ساتھ وابستہ ہو جانے کے بعد خود کار نظام کے تحت ملازمین کی شناخت کی جائے، ضوابط میں ہلکے ٹرانسپورٹ ذرائع میں اشتہارات کے استعمال کا بھی جائزہ لیا گیا ہے تاہم اس کے لیے وزارت بلدیات ودیہی امور کے ساتھ افہام و تفہیم ضروری ہوگی۔

سعودی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ تمام نئے ضوابط ہوم ڈلیوری کے شعبے کو منظم کرنے اور خدمات کی بہتری کے علاوہ نظم وضبط پیدا کرنے کے لیے ہیں، نئے ضوابط پر مرحلہ وار عمل کیا جائے تاکہ ہوم ڈلیوری کا شعبہ منظم کیا جا سکے اور اس کا آغاز اس شعبے سے وابستہ سعودیوں سے ہو گا جنہیں سب سے پہلے ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے وابستہ ہونا ہوگا، یہ وسیع اصلاحات قومی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس سروسز کی حکمت عملی کے اہداف کے ساتھ ترسیل کے شعبے کو ہم آہنگ کرنے کی اتھارٹی کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں