سعودی عرب: آسیبی طاقت کےجھُولا جھُولنے کی ویڈیو نے خوف و ہراس پھیلا دیا

موقع پر موجود درجنوں لوگ نے اس انتہائی حیران کُن منظر کی ویڈیو بنا لی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 10 اکتوبر 2018 13:52

سعودی عرب: آسیبی طاقت کےجھُولا جھُولنے کی ویڈیو نے خوف و ہراس پھیلا دیا
تبوک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اکتوبر2018ء) گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو جاری ہوئی ہے جس نے دیکھنے والوں کو خوف زدہ کر دیا ہے۔ اس ویڈیو میں دوپہر کے وقت ایک سکول کے پارک کامنظر دکھایا گیا ہے۔ پارک میں دو جھُولے لگے ہیں۔ ایک جھولا بالکل ساکت ہے جبکہ دُوسرا جھُولا انتہائی تیز رفتار سے کوئی ان دیکھی طاقت جھُلا رہی ہے۔ اس منظر نے وہاں پر موجود لوگوں کو حیران پریشان کر کے رکھ دیا۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ اس وقت ہوا بھی تیز نہیں چل رہی تھی۔ اور اگر ایسا ہوا کی وجہ سے ہوا تھا تو پھر ساتھ ہی نصب دُوسرا جھُولا بھی ساکت نہیں ہونا چاہیے تھا اور اسی رفتار سے حرکت کرتا دکھائی دیتا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو نے کئی لوگوں کا دِل دہلا دیا۔یہ ویڈیو تبوک کے ایک سکول کے احاطے میں واقع پارک کی ہے۔

(جاری ہے)

سکول میں زیر تعلیم بچوں کے والدین یہ ویڈیو دیکھنے کے بعد بہت فکر مند ہو گئے ہیں۔

ایک بچے کے والد کا کہنا ہے کہ یہ آسیبی طاقت بچوں کی جان کے درپے ہو سکتی ہے۔ سکول انتظامیہ کو چاہیے کہ کسی ماہرِ عملیات کو بُلا کر پتا چلائے کہ یہ پُراسرار مخلوق کون ہے، کیا یہ سکول میں مستقل طور پر مقیم ہے یا وہاں سے گزرتے وقت اُسے جھولے دکھائی دیئے اور اس نے ’تفریح‘ کی خاطر جھُولا جھُول کر وہاں موجود لوگوں کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔

کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ جِنوں بھُوتوں پر یقین نہیں رکھتے تھے، مگر اس ویڈیو کے دیکھنے کے بعد وہ اپنی سوچ پر نظر ثانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ یہ ویڈیو بہت ناقابلِ فہم ہے۔ جبکہ کچھ نے مذاقاً اس پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ کوئی جِن کا بچہ جھُولا لینے کا شائق تھا، یہ اسی کی کارستانی معلوم ہوتی ہے۔ ڈیڑھ منٹ کے دورانیے پر محیط یہ ویڈیو پوسٹ ہونے کے تھوڑی دیر بعد ہی وائرل ہو گئی۔

متعلقہ عنوان :

تبوك میں شائع ہونے والی مزید خبریں