ابو ظہبی: رشتہ داروں کو جعلسازی سے ریفل ٹکٹ کے انعامات جتوانے والا پکڑا گیا

ملزم کو اپنی کمپنی کی جانب سے قرعہ اندازی کی تقریب کا انچارج بنایا گیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 31 مئی 2019 13:25

ابو ظہبی: رشتہ داروں کو جعلسازی سے ریفل ٹکٹ کے انعامات جتوانے والا پکڑا گیا
ابوظہبی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،31 مئی 2019ء) اُردو کی ایک مشہور کہاوت ہے ”اندھا بانٹے ریوڑیاں، مُڑ مُڑ اپنوں کو دے“ ۔ اقربا پروری کا کچھ ایسا ہی معاملہ ابوظہبی میں بھی پیش آیا۔ جب ایک مشہور کمپنی کے ملازم نے جسے قرعہ اندازی کی تقریب منعقد کرنے کا انچارج بنایا گیا تھا، اُس نے کمال مہارت سے اپنے رشتہ داروں کو ہی کئی انعامات جِتوا دیئے۔

عدالت میں زیر سماعت مقدمہ کے دوران استغاثہ نے بتایا کہ 30 سالہ ملزم کا تعلق ایک خلیجی ملک سے ہے۔ جسے کمپنی کی جانب سے اُس کے ایک سٹور میں گاہکوں کے لیے قرعہ اندازی کی تقریب منعقد کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ اس ملازم نے ہی باکس میں سے خوش نصیب گاہکوں کے کوپن نکالنے تھے۔ تاہم اس شخص نے قرعہ اندازی کے وقت اپنے کپڑوں میں چھُپائے گئے کوپن اپنے ہاتھ میں چھُپا لئے اور پھر کوپن سے بھرے باکس میں ہاتھ ڈال کر یوں ظاہر کیا جیسے وہ کوپن منتخب کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اور پھر ہاتھ باہر نکال کر رشتہ داروں کے ہی 3، 4کوپنز کو انعام کا حقدار قرار دے دیا۔ یوں اُس نے اپنے ایک رشتہ دار کو نسان پٹرولز کے انعام کا حقدار بنا دیا جبکہ باقی 4 رشتہ داروں کو ایئر ٹکٹس کے انعامات دلوائے تاہم بعد میں اُس کی جعلسازی کا انکشاف ہو گیا۔ جس پر کمپنی کے اعلیٰ عہدے داروں نے اس شخص پر کمپنی اور گاہکوں سے فراڈ کے الزام میں مقدمہ درج کرا دیا۔ ملزم نے عدالت کے رُوبرو اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا۔ ملزم نے بتایا کہ اُس نے وہ تمام انعامات اور رقوم جو اُس نے دھوکے بازی سے اپنے رشتے داروں کو دلوائے تھے، کمپنی کو واپس کر دیئے ہیں۔ اس مقدمے کا فیصلہ 26 جُون 2019ءکو سُنایا جائے گا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں