ابوظہبی ایئرپورٹ کا نام تبدیل کردیا گیا

نام کی تبدیلی کی ہدایت متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید آل نہیان کی جانب سے جاری کی گئیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 10 فروری 2024 13:31

ابوظہبی ایئرپورٹ کا نام تبدیل کردیا گیا
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 فروری 2024ء ) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں ابوظہبی کے ہوائی اڈے کا نام تبدیل کرتے ہوئے باضابطہ طور پر زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ کردیا گیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق نام کی تبدیلی کا اعلان گزشتہ سال اکتوبر میں کیا گیا، جس کی ہدایت اماراتی صدر شیخ محمد بن زید آل نہیان کی جاری کی، ہوائی اڈے کا نام نومبر 2023ء میں ٹرمینل A کے کھلنے کے بعد رکھا گیا ہے، جدید ترین ٹرمینل A کا شمار دنیا کے سب سے بڑے ہوائی اڈے کے ٹرمینلز میں ہوتا ہے، یہ سالانہ 45 ملین مسافروں کی میزبانی کر سکتا ہے اور کسی بھی وقت 79 ہوائی جہازوں کو ایڈجسٹ کر سکتا ہے، اس طرح ابوظہبی کی متنوع معیشت میں ہوا بازی کے شعبے کے تعاون کو تقویت ملتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس تاریخی موقع پر اتحاد ایئرویز نے ابوظہبی سے منتخب مقامات کے لیے روانہ ہونے والے مہمانوں کے لیے ایک خصوصی پیشکش شروع کی ہے، اتحاد ایئرویز کے چیف ریونیو اینڈ کمرشل آفیسر اریک ڈی نے کہا ہے کہ "ہم متحدہ عرب امارات کے بانی مرحوم شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کے وژن کے لیے ہمیشہ شکر گزار ہیں اور ان تقریبات میں فخر کے ساتھ شامل ہوتے ہیں کیوں کہ ان کے اعزاز میں ہمارے ہوم ایئرپورٹ کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے"۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اتحاد ایئرویز کی محدود مدت کی پیشکش 19 فروری سے 15 جون 2024ء کے درمیان سفر کرنے والے مہمانوں کے لیے 9 اور 14 فروری کے درمیان دستیاب ہے، ابوظہبی کی قومی فضائی کمپنی 31 مارچ سے اپنی نئی منزل بوسٹن کے لیے پروازیں شروع کرے گی اور جو لوگ یورپ کا دورہ کرنا چاہتے ہیں وہ کوپن ہیگن، میونخ اور لزبن کے لیے پروازیں بک کرسکتے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ اس جشن کے اختتامی ہفتہ کے دوران اتحاد ایئرویز کی جانب سے مہمانوں کا ہوائی اڈے پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا، جن کیلئے تحائف، خصوصی سرگرمیوں اور لائیو تفریح کا بھی اہتمام کیا جائے گا، ٹرمینل اتحاد کے اکانومی کلاس کے مسافروں کے لیے وقف شدہ چیک ان ڈیسک فراہم کرتا ہے جس میں فیملیز کے لیے خصوصی ایریاز ہوں گے، بزنس اور فرسٹ کلاس میں سفر کرنے والے مہمانوں کے لیے بھی ایسے خصوصی ایریاز شامل ہیں جہاں وہ تیز رفتار پریمیئم تجربے سے لطف اندوز ہوسکیں، اضافی جدید ترین بائیو میٹرک سیلف بیگ ڈراپ کی سہولیات ان تمام مہمانوں کے لیے دستیاب ہیں جو تیز چیک ان کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں