ابوظہبی لگاتار آٹھویں سال دنیا کا محفوظ ترین شہر قرار

سیفٹی انڈیکس کے لحاظ سے ٹاپ 10 میں متحدہ عرب امارات کے دیگر شہروں کو بھی شامل کرلیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 27 جنوری 2024 14:18

ابوظہبی لگاتار آٹھویں سال دنیا کا محفوظ ترین شہر قرار
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 جنوری 2024ء ) ابوظہبی کو 2024ء کے لیے دنیا کا محفوظ ترین شہر قرار دے دیا گیا، سیفٹی انڈیکس کے ٹاپ 10 میں متحدہ عرب امارات کے دیگر شہر بھی شامل ہیں۔ گلف نیوز کے مطابق آن لائن ڈیٹا بیس نمبیو نے ابوظہبی کو 2024ء میں دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رکھا ہے، جو بہترین سکیورٹی معیارات کو نافذ کرنے، شہریوں، رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے معیار زندگی کو بڑھانے میں امارت کی عالمی سطح پر قیادت کی عکاسی کرتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ 2024ء کی درجہ بندی میں عالمی سطح پر 329 شہروں میں سے سرفہرست مقام حاصل کرتے ہوئے ابوظہبی نے 2017ء سے دنیا کے محفوظ ترین شہر کا اعزاز برقرار رکھتے ہوئے اپنا متاثر کن سلسلہ جاری رکھا ہوا، یہ مستقل درجہ بندی ان تمام لوگوں کے لیے جو وہاں رہتے ہیں اور آنے والے افراد کے لیے غیر معمولی معیار زندگی کو یقینی بنانے کے لیے امارت کی سرشار کوششوں کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

ابوظہبی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل مکتوم علی الشریفی بتاتے ہیں کہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور سکیورٹی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں نے ابوظہبی کو لگاتار آٹھویں سال دنیا کے محفوظ ترین شہر کے طور پر منتخب کیا ہے، ابوظہبی 86.8 کے سکور کے ساتھ اس لسٹ میں سرفہرست ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس فہرست میں تائی پے تائیوان 84.4 کے سکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جب کہ لسٹ میں شامل دیگر شہروں میں قطر کا دارالحکومت دوحہ 84.0 سکور کے ساتھ تیسرے، عجمان 83.5 کے ساتھ چوتھے اور دبئی 83.4 کے سکور کے ساتھ پانچویں نمبر پر قرار پایا، اس فہرست میں شامل دیگر شہر راس الخیمہ (83.3) مسقط (80.2)، دی ہیگ نیدرلینڈز (79.8)، برن سوئٹزرلینڈ (79.5) اور میونخ ہیں۔ 

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں