ابوظہبی پولیس نے سپیڈ لمٹ کے اصول کی وضاحت جاری کردی

پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 400 درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 جنوری 2024 17:01

ابوظہبی پولیس نے سپیڈ لمٹ کے اصول کی وضاحت جاری کردی
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 جنوری 2024ء ) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کی پولیس نے شیخ محمد بن راشد روڈ پر 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کم سے کم رفتار کے اصول کی وضاحت جاری کر دی۔ خلیجی میڈیا کے مطابق ابوظہبی پولیس نے واضح کیا ہے کہ شیخ محمد بن راشد روڈ پر اپریل 2023ء میں نافذ کی گئی کم از کم رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی پابندی دونوں سمتوں کی ٹریفک پر لاگو ہوتی ہے یعنی دونوں میں سے کسی بھی سمت میں روڈ کی بائیں طرف والی دو تیز لین استعمال کروالے اس اصول پر عمل کرنے کے پابند ہیں، اس ہائی وے کی ان دونوں لین پر زیادہ سے زیادہ رفتار کی حد 140 کلومیٹر فی گھنٹہ اور کم از کم 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کم سے کم رفتار کے اصول کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز پر جرمانہ عائد کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کو 400 درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا، تاہم کم سے کم رفتار کا یہ اصول تیسری اور آخری لین پر لاگو نہیں ہوتا، سست رفتاری سے گاڑی چلانے والوں کو بغیر کسی پابندی کے تیسری لین استعمال کرنے کی اجازت ہے، سڑک کی آخری لین استعمال کرنے والی بھاری گاڑیاں کم از کم رفتار کے اصول سے مستثنیٰ ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے کہا ہے کہ کم از کم رفتار کی پابندی کو لاگو کرنے کا مقصد ڈرائیوروں کی حفاظت کو بڑھانا ہے، یہ اقدام سڑک پر محفوظ اور زیادہ موثر ٹریفک کے بہاؤ کو فروغ دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، ڈرائیوروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور اچانک لین تبدیل کرنے سے گریز کریں جب تک کہ وہ اس بات کو یقینی نہ بنائیں کہ سڑک پر پیچھے سے کوئی ٹریفک نہیں آرہی، وہ صرف اس وقت لین تبدیل کریں جب ان کی گاڑی اور دوسروں کے درمیان کافی فاصلہ ہو، جس سے ان کی مطلوبہ لین میں محفوظ نقل و حرکت ہو سکے، لین بدلتے وقت اشاروں کا بھی لازمی استعمال کیا جائے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں