متحدہ عرب امارات میں 3 روزہ سوگ کا اعلان

امیر کویت کے انتقال کے بعد اماراتی رہنماوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار، اگلے 3 روز اماراتی پرچم سرنگوں رہے گا

muhammad ali محمد علی منگل 29 ستمبر 2020 22:50

متحدہ عرب امارات میں 3 روزہ سوگ کا اعلان
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 ستمبر2020ء) متحدہ عرب امارات میں 3 روزہ سوگ کا اعلان، امیر کویت کے انتقال کے بعد اماراتی رہنماوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار، اگلے 3 روز اماراتی پرچم سرنگوں رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے رہنماوں کی جانب سے امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

امیر کویت کے انتقال کو خطے کیلئے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس دوران اماراتی پرچم سرنگوں رہے گا۔ جبکہ کویت میں 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ منگل کے روز امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح شدید علالت کے بعد 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

(جاری ہے)

امیر کویت کافی عرصے سے علیل تھے اور علاج کے سلسلے میں انہیں چند ہفتے قبل ہی امریکا منتقل کیا گیا تھا، جہاں اب وہ انتقال کر گئے۔

شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح2006 سے کویت کے امیر کی ذمے داری نبھا رہے تھے۔ رواں سال جولائی کے ماہ میں صحت بگڑ جانے پر انہیں علاج کیلئے امریکا بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں امریکا میں دوران علاج بھی ان کی انتقال کی خبریں سامنے آئیں جو غلط ثابت ہوئی تھیں ۔ تاہم کویتی حکام نے تصدیق کی تھی کہ کویت کے حکمراں شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح دنیا سے رخصت ہوگئے ہیں۔ شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال کے بعد ولی عہد نواف الاحمد الصباح کو کویت کا نیا امیرمقرر کر دیا گیا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں