موبائل میں بیلنس کی فرمائش اماراتی خاتون کی جان لے گئی

ظالم خاوند نے ڈنڈے کے وار کر کے بیوی کو ہلاک کر ڈالا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 22 جنوری 2020 14:36

موبائل میں بیلنس کی فرمائش اماراتی خاتون کی جان لے گئی
عجمان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2020ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں ایک درندہ صفت شوہر نے اپنی بیوی کو معمولی سی بات پر موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ خلیجی اخبار کے مطابق 49 سالہ خاتون کا قصور صرف اتنا تھا کہ اس نے اپنے خاوند سے موبائل ریچارج کارڈ کی معمولی سی فرمائش کی تھی۔ پولیس نے خاتون کے 58 سالہ خاوند کو گرفتار کر لیا ہے۔ خاوند کا کہنا ہے کہ وہ نمازکے بعد دُعا میں مصروف تھا جب اُس کی بیوی نے اُس سے اصرار کرنا شروع کر دیا کہ وہ اُسے موبائل ریچارج کارڈ لا دے۔

جب اُس کی بیوی نے بار بار یہ مطالبہ دُہرایا تو وہ اچانک طیش میں آ گیا اور اپنی بیوی پر لاٹھی سے وار کیا جو اُس کے سر پر جا لگا۔ تاہم اُس کا اپنی بیوی کو جان بُوجھ کر قتل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا، جو کچھ ہوا، وہ وقتی اشتعال کا نتیجہ تھا۔

(جاری ہے)

گرفتار خاوند کا کہنا تھا کہ وہ بیوی پر لاٹھی سے وار کرنے کے بعد اُس کے لیے موبائل کارڈ لینے باہر چلا گیا۔

تھوڑی دیر بعد وہ واپس آیا اور فرش پر لیٹی ہوئی بیوی کو مخاطب کر کے اُس کے ہاتھ میں موبائل کارڈ تھما دِیا۔ تاہم اُس کی بیوی نے کوئی جواب نہ دیا تو اُسے فکر ہونے لگی۔ ملزم کے مطابق اُسے یہی لگا کہ اُس کی بیوی بے ہوش ہو گئی ہے۔ جس پر اُسے فوری طور پر ایمبولینس بُلوا لی۔ تاہم طبی امداد کے عملے نے اُس کی بیوی کا موقع پر ہی معائنہ کر کے اُسے بتایا کہ وہ دُنیا سے رخصت ہو چکی ہے۔

خاوند کی بربریت کا نشانہ بننے والی خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ میڈیکل رپورٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ خاتون کے سر پر لاٹھی کا کیا جانے والا وار اُس کی موت کا سبب بنا ہے۔ کیونکہ اس زوردار ضرب کے باعث اُس کے دماغ میں اندرونی طور پر خون بہنا شروع ہو گیا تھا۔ پولیس نے اپنی بیوی کا یوں بے دردی سے قتل کرنے والے شوہر کو حراست میں لے لیا ہے اور اس سے واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں