عجمان ؛ تاجر کو قتل اور 1 لاکھ درہم چوری کرنے پر 5 ایشائی باشندوں کو سزائے موت

ملزمان ائر کنڈیشنگ وینٹ کے ذریعے اپارٹمنٹ میں داخل ہوئے، تاجر سے پیسے ملنے کے بعد اسے قتل کیا اور لاش فریج میں چھپا کر فرار ہوگئے، بیرون ملک بھاگتے ہوئے فلائٹ میں سوار ہونے سے پہلے پکڑے گئے

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 اکتوبر 2021 13:40

عجمان ؛ تاجر کو قتل اور 1 لاکھ درہم چوری کرنے پر 5 ایشائی باشندوں کو سزائے موت
عجمان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اکتوبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات کے علاقے عجمان میں کاروباری شخص کو قتل اور 1 لاکھ درہم چوری کرنے پر 5 ایشائی باشندوں کو سزائے موت سنادی گئی۔ یو اے ای کے خبر رساں اداے کے مطابق عجمان کی فوجداری عدالت نے 5 ایشیائی باشندوں کو اپنے ہی ایک ہم وطن تاجر کے قتل اور امارات میں اس کے گھر سے 1 لاکھ 9 ہزار درہم چوری کرنے پر موت کی سزا سنائی ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ تاجر کے ایک دوست نے اس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع اتھارٹی کو دی ، جس پر پولیس کا گشت متاثرہ شخص کی رہائش گاہ پر بھیجا گیا تو اس کی لاش فرج میں پائی گئی ، نگرانی کیمروں کا جائزہ لینے اور تحقیقات کرنے کے بعد 5 مجرموں کی شناخت کی گئی جنہوں نے اس جرم کی منصوبہ بندی کے لیے متاثرہ شخص کے فلیٹ والی عمارت میں ہی ایک اپارٹمنٹ کرائے پر لیا تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ دو افراد متاثرہ شخص کے اپارٹمنٹ میں جاتے ہیں اور تقریبا ڈھائی گھنٹے کے بعد پانچ لوگوں کو اپارٹمنٹ سے نکلتے دیکھا گیا ، ان میں سے تین اپنے اپارٹمنٹ میں واپس آئے ، دو دیگر نے ہوائی اڈے پر فرار ہونے کی کوشش کی لیکن فلائٹ میں سوار ہونے سے پہلے ہی پولیس ان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی ساتھ ہی ان کے شریک ملزمان کو بھی فلیٹ سے گرفتار کیا گیا۔

تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے تاجر کو لوٹنے کے مقصد سے جرم کیا اس مقصد کے لیے متاثرہ شخص کے داخل ہونے سے ایک گھنٹہ قبل تین ملزمان ائر کنڈیشنگ وینٹ کے ذریعے اپارٹمنٹ میں داخل ہوئے ، انہوں نے اس تاجر کا انتظار کیا ، پیسے ملنے کے بعد اس پر کئی وار کیے اور پھر لوٹ مار کرکے وہاں سے فرار ہوگئے۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں