بھارتی تاجر مکیش امبانی کی کمپنی کا پی ایس ایل کی کوریج سے انکار

پی سی بی نے ہنگامی صورتحال میں اوپن ٹینڈر کے ذریعے ایک اور کمپنی کو پی ایس ایل کا ٹھیکہ دیدیا

پیر 18 فروری 2019 15:50

بھارتی تاجر مکیش امبانی کی کمپنی کا پی ایس ایل کی کوریج سے انکار
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) پی ایس ایل کو کور کرنے والی بھارتی کمپنی نے کام کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد پی سی بی نے ہنگامی صورتحال میں اوپن ٹینڈر کے ذریعے ایک اور کمپنی کو پی ایس ایل کا ٹھیکہ دیدیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی ایم جی نے تصدیق کی کہ وہ سیاسی کشیدگی کے باعث ٹورنامنٹ کی کوریج سے دستبردار ہوگئے ہیں اور اس سلسلے میں آئی ایم جی نے پی سی بی مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کو ای میل کے ذریعے آگاہ کردیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی سی بی کے حد درجہ ذمہ دار ذرائع نے کہا کہ بھارتی ارب پتی تاجر مکیش امبانی کی کمپنی آئی ایم جی سے پی سی بی نے ایک سال کیلئے سپر لیگ کی کوریج کا معاہدہ کیا تھا۔پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے آئی ایم جی نے پی سی بی کو باضابطہ بتایا کہ بھارتی حکومت نے ہمیں پی ایس ایل کور کرنے سے منع کردیا ہے اور ایسے میں ہمارے لئے ممکن نہیں ہے کہ ٹورنامنٹ میں مزید کام کرسکیں۔

(جاری ہے)

پی سی بی نے ہنگامی صورتحال میں اوپن ٹینڈر کے ذریعے ایک اور کمپنی کو پی ایس ایل کا ٹھیکہ دے دیا ہے جس کے بعد یہ کمپنی بدھ سے شارجہ میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں کام کرے گی اور بقیہ ٹورنامنٹ کی کوریج بھی کرے گی۔پی سی بی نے مکیش انبانی کی کمپنی کے خلاف معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی چارہ جوئی پر غور شروع کر دیا ہے، کریو میں کام کرنے والے کمنٹیٹرز اور ٹیکنیکل عملے کے لوگ فری لانس ہیں اس لئے وہ نئی کمپنی کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں