دُبئی بس حادثہ میں ایک درجن سے زائد ہلاکتوں کا ذمہ دار ڈرائیور نکلا

ملزم کو 7 سال قید کی سزا، لاکھوں درہم کا جرمانہ بھی بھرنا ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 13 جولائی 2019 12:30

دُبئی بس حادثہ میں ایک درجن سے زائد ہلاکتوں کا ذمہ دار ڈرائیور نکلا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جولائی 2019ء) گزشتہ ماہ جُون میں دُبئی میں ایک بس کو خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں 17 افراد زندگی سے محروم ہو گئے تھے اور کئی زخمی بھی ہوئے تھے۔یہ امارات کی تاریخ میں پیش آنے والا بدترین ٹریفک حادثہ تھا جس نے سب کو دہلا کر رکھ دیا۔ دُبئی پولیس کی جانب سے تفتیش کے نتیجے میں انکشاف ہوا کہ اس حادثے کا ذمہ دار بس کا اومانی ڈرائیور تھا جس کے بعد اُسے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالتی کارروائی کے بعد ملزم ڈرائیور کو جج کی جانب سے سواریوں کی ہلاکت کا ذمہ دار قرار دے کر اُسے 7 سال قید کی سزا سُنا دی گئی ہے جبکہ مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس کے حساب سے دو لاکھ درہم بطور دیت ادا کرنے کا پابند بھی کیا گیا ہے۔ ملزم ڈرائیور کو سزا کی مُدت پُوری ہونے کے فوراً بعد امارات سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ 6 جُون 2019ء کو عید الفطر کی تعطیلات کے فوراً بعد پیش آیا تھا۔

جب اومان سے آنے والی بس دُبئی کی شاہراہ پر سڑک کنارے لگے بیریئر سے جا ٹکرائی تھی ۔ جس کے باعث 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور کچھ افراد زخمی بھی ہوئے۔ بس میں 30 مسافر سوار تھے۔ جن میں سے بیشتر کا تعلق بھارت اور پاکستان سے تھا۔ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا بس اپنی منزل سے محض چند منٹ دُور تھی۔ ڈرائیور کی لاپرواہی اس حادثے کا باعث بنی۔ پندرہ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوئے تھے اور باقی دو ہسپتال میں جا کر دم توڑ گئے تھے۔ زیادہ تر افراد تعطیلات منانے کے لیے دُبئی سے اومان گئے تھے مگر اُن کا یہ تفریحی ٹور اُن کی زندگی کا آخری سفر ثابت ہوا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں