دُبئی اور شارجہ میں مقیم والدین کو اچھی خبر سُنا دی گئی

وزارت تعلیم نے پاکستانی اور بھارتی سکولوں کی انتظامیہ کو پہلی ٹرم کی ٹرانسپورٹ فیس واپس کرنے کا حکم سُنا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 2 اپریل 2020 11:49

دُبئی اور شارجہ میں مقیم والدین کو اچھی خبر سُنا دی گئی
 دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اپریل 2020 ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کی وجہ سے لیے گئے خصوصی اقدامات کی وجہ سے لوگوں کی بڑی گنتی مالی مشکلات کا شکار ہو چکی ہے۔ لاکھوں غیر ملکی ایسے ہیں جو اپنے اہل خانہ کے ساتھ یہاں پر مقیم ہیں اور ان کے بچے اسکولز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔کاروبار کی بندش ہونے کے باعث بہت سے پاکستانی والدین کو بھی مستقبل قریب میں اپنے بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے میں بڑی مصیبت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایسے حالات میں دُبئی اور شارجہ میں مقیم والدین کو بڑا ریلیف مل گیا ہے۔ وزارت تعلیم کی جانب سے دونوں ریاستوں میں واقع پاکستانی اور بھارتی اسکولز کی انتظامیہ کو حکم جاری کیا گیا ہے کہ وہ اسکولز میں تعلیم کا سلسلہ بند ہونے کے باعث والدین کو فرسٹ ٹرم کی بس فیس واپس کرنے کے پابند ہوں گے۔

(جاری ہے)

کیونکہ ان اسکولز کا تعلیمی سیشن5 اپریل 2020ء سے شروع ہونا ہے۔

بس فیسوں کی واپسی کا اطلاق دیگر نجی اسکولز پر بھی ہو گا۔ والدین کی جانب سے بھی مملکت میں اسکولز کی بندش کے باعث آواز اُٹھائی جا رہی تھی کہ انہیں اسکول بس کی فیس واپس دلائی جائے۔ شارجہ پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے بھی گزشتہ روزدو سرکلر جاری کیے گئے ہیں جن میں نجی اور ایشیائی اسکولوں کوتاکید کی گئی ہے کہ والدین کو ٹرانسپورٹ فیس اور نیوٹریشن فیس واپس کر دیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے اسکول بند ہونے کے باعث جن سروسز سے بچے فائدہ نہیں اُٹھا رہے ان کے بدلے میں وصول کی گئی فیسیں بھی واپس کرنا ہوں گی۔ تاہم والدین کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ تعلیمی سال کے دوران ادا نہ کی گئی فیسیں فوری طور پر جمع کرائیں۔ اس سرکلر میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایشیائی اسکولز ٹرانسپورٹ فیس اور نیوٹریشن فیس وصول نہیں کریں گے۔ صرف ٹیوشن فیس وصول کی جائیں گی۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں