دُبئی کے پوش علاقے سے غیر ملکی جوڑے کی لاشیں برآمد ہونے پر خوف و ہراس

پولیس کے مطابق مرنے والے جوڑے کا تعلق بھارت سے ہے، جو شارجہ میں اپنا کاروبار کرتا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 23 جون 2020 17:23

دُبئی کے پوش علاقے سے غیر ملکی جوڑے کی لاشیں برآمد ہونے پر خوف و ہراس
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23جون 2020ء) دُبئی کے پوش علاقے عریبین رانچز کے ایک محلے میراڈور کے ایک وِلا میں مقیم غیر ملکی جوڑا مردہ پایا گیا ہے۔ جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔خلیجی اخبار گلف نیوز کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے بھارتی قونصل جنرل وپُل کا بیان آیا ہے کہ یہ غیر ملکی جوڑا بھارت سے تعلق رکھتا ہے۔ وپُل کا مزید کہنا ہے کہ اس جوڑے کو 18 جون کو قتل کیا گیا تھا۔

دوہرے قتل کی یہ واردات دراصل ڈکیتی کے دوران پیش آئی۔ اس واردات کے دوران گھر سے زیورات بھی چرائے گئے۔جوپولیس نے برآمد کر لئے ہیں۔ مرنے والے بھارتی خاوند کا نام ہائرن ادھیا بتایا گیا ہے جس کی مقتولہ بیوی کا نام وِدھی ادھیا تھا۔ اس واردات کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیاگیا ہے۔ بھارتی قونصل جنرل نے اس خونی واردات پر بہت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مقتول جوڑے کی بیٹیوں سے رابطہ رکھا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ مقتول جوڑا شارجہ کے علاقے میں اپنا کاروبار چلاتا تھا۔ ان کی دو بیٹیاں ہیں جن کی عمریں 13 سال اور 18 سال ہیں۔ اس خاندان کا امارات میں کوئی اور رشتہ دار مقیم نہیں ہے۔مرنے والے بھارتی جوڑے کی دونوں بیٹیاں فی الحال اُن کے مقتول والد کے دوست کے گھر ٹھہرائی گئی ہیں۔ دُبئی پولیس کی جانب سے اس خوفناک واردات کے حوالے سے ابھی کوئی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مقتول جوڑا اچھے اخلاق کا مالک تھا، ان کا کبھی کسی سے کوئی جھگڑا یا بدکلامی کا واقعی سُننے دیکھنے میں نہیں آیا۔ اس واقعے نے اہل علاقہ کو سوگوار اور خوفزدہ کر دیا ہے۔ اُمید ہے کہ دو کم سن بیٹیوں سے ان کے والدین چھیننے والے ظالم افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں