متحدہ عرب امارات میں شرابی ڈرائیور کی لاپرواہی تین جانیں لے گئی

نشے میں دُھت ڈرائیور کی شیخ محمد بن زاید روڈ پر مخالف سمت میں ڈرائیونگ اس حادثے کی وجہ بنی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 22 ستمبر 2020 12:05

متحدہ عرب امارات میں شرابی ڈرائیور کی لاپرواہی تین جانیں لے گئی
اُم القوین(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 ستمبر2020ء) متحدہ عرب امارات میں ایک شخص کا نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنا تین افراد کی موت کا سبب بن گیا۔ اماراتی ریاست اُم القوین میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 2 امارتی اور ایک افریقی باشندہ زندگی کی بازی ہار گئے۔ اُم القوین پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شیخ محمد بن زاید روڈ کی ایگزٹ نمبر 113 سے 116 کے درمیان ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے تین افراد زندگی سے محروم ہو گئے۔

یہ واقعہ رات ڈیڑھ بجے پیش آیا۔ پولیس کو اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔ جہاں پر دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا کر بُری طرح پچکی ہوئی تھیں جبکہ وہاں تین افراد مردہ حالت میں پائے گئے۔ پولیس نے تفتیش کی تو پتا چلا کہ یہ حادثہ ایک ڈرائیور کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے پیش آیا جس نے ڈرائیونگ کے وقت اس قدر شراب پی رکھی تھی کہ مدہوشی میں اس نے شیخ محمد بن زاید روڈ پر مخالف سمت میں گاڑی چلانا شروع کر دی جو سامنے سے آنے والی ایک کار سے ٹکرا گئی۔

(جاری ہے)

یہ تصادم اتنا خوفناک تھا کہ تین افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ جن میں شراب کی حالت میں گاڑی چلانے والا ڈرائیور بھی شامل تھا۔مردہ ڈرائیور کے پوسٹ مارٹم کے دوران انکشاف ہو اکہ اس نے بڑی مقدار میں شراب پی رکھی تھی۔ جو اس حادثے کا باعث بنی۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی گئی ہے جس میں ڈرائیورز کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ نشے کی حالت میں ہرگز گاڑی نہ چلائیں۔ یہ ان کی اپنی زندگی کے علاوہ دوسرے افراد کی زندگیوں کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں