عید الفطر پرامارات سے پاکستان واپس آنے والوں کے لیے مایوس کُن خبر آ گئی

ایمریٹس، فلائی دُبئی اور اتحاد نے 5 مئی سے 20 مئی تک پروازوں میں کمی کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 6 مئی 2021 15:25

عید الفطر پرامارات سے پاکستان واپس آنے والوں کے لیے مایوس کُن خبر آ گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6مئی2021ء) پاکستانی حکومت نے کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 8 مئی سے 16 مئی تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ بیرونی مسافروں کے ذریعے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر 5 مئی سے 18 مئی تک بین الاقوامی پروازوں کی گنتی بھی گھٹا دی گئی ہے جس سے تمام بین الاقوامی ایئرلائنز کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پروازوں میں کمی کے اس فیصلے سے امارات میں مقیم وہ ہزاروں پاکستانی بھی متاثر ہوں گے جنہوں نے عیدسے پہلے یا عید کے دوران پاکستان واپسی کا پروگرام بنا رکھا تھا اور اس مقصد کے لیے بکنگ بھی کروا رکھی تھی۔

پاکستانی سول ایوی ایشن کے فیصلے تحت یو اے ای کی تین بڑی فضائی کمپنیوں نے ایمریٹس، اتحاد اور فلائی دُبئی نے پاکستان کے لیے پروازوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اماراتی ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ 5 مئی سے 20 مئی تک پاکستان کے لیے معمول سے کم پروازیں چلائی جائیں گی۔ اس فیصلے سے وہ پاکستانی تارکین متاثر ہوں گے، جنہوں نے عیدسے قبل وطن واپسی کر کے گھر والوں کے ساتھ عید منانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔

کیونکہ پروازوں میں کمی سے ان کی فلائٹ بکنگ متاثر ہو سکتی ہے۔ اماراتی ایئر لائنز کے مطابق پاکستانی حکومت نے 5 مئی سے 20 مئی کے دوران غیر ملکی ایئر لائنز کی پاکستان آنے والی ہفتہ وار پروازوں کی گنتی 590سے گھٹا کر 123تک محدود کر دی ہیں، پروازوں کی اس ہفتہ وار کمی سے اماراتی ایئر لائنز پر بھی فرق پڑا ہے۔ ڈیلی گلف اُردو نیوزکے مطابق ایمریٹس ایئر لائنز کے ترجمان نے کہا ہے کہ 5 مئی سے 20 مئی کے دوران کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور سیالکوٹ کے لیے پروازیں جاری رہیں گی، تاہم ان ہفتہ وار پروازوں کی تعداد معمول سے کم ہو گی۔

جس کے لیے ایمریٹس ایئر لائن اپنے مسافروں سے معذرت خواہ ہے۔جن مسافروں کی فلائٹس کا شیڈول متاثر ہوا ہے ، وہ اپنے ٹریول ایجنٹ یا ایمریٹس بکنگ آفس سے رابطہ کر کے ٹکٹ بکنگ کی تاریخ بدلوا سکتے ہیں۔ فلائی دُبئی کے ترجمان کا کہناہے کہ ان کی جانب سے 20 مئی تک پاکستان کے لیے ہفتہ وار صرف 16پروازیں چلائی جائیں گی۔ فلائٹس میں کمی سے جن مسافروں کی بروقت روانگی نہیں ہو پائے گی، وہ اگلی دستیاب پرواز کے لیے دوبارہ بکنگ کروا سکتے ہیں، انہیں کسی اور پاکستانی شہر کی پرواز کے لیے سیٹ دستیاب ہونے کی صورت میں بکنگ کی آپشن بھی دی جائے گی، ورنہ وہ اپنی رقم واپس لے سکتے ہیں۔

اسی طرحاتحاد ایئر ویز کے ترجمان کے مطابق بھی 5 مئی سے 20 مئی کے دوران ابوظبی سے پاکستان کے لیے مسافر پروازیں گھٹا دی گئی ہیں۔کینسل ہونے والی فلائٹس کے کچھ مسافروں کودیگر پروازوں میں ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ مسافروں سے رابطہ کر کے انہیں اپنی فلائٹ کی تاریخ تبدیل کرونے یا ٹکٹ ریفنڈ کروانے کی ہدایات کی جا رہی ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں