متحدہ عرب امارات نے سلامتی کونسل میں بڑی کامیابی حاصل کر لی

سلامتی کونسل کے پانچ غیر مستقل ارکان کی ووٹنگ میں یو اے ای کو بھی منتخب کر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 12 جون 2021 10:42

متحدہ عرب امارات نے سلامتی کونسل میں بڑی کامیابی حاصل کر لی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 جون2021ء ) متحدہ عرب امارات کا شمار دُنیا کے خوشحال اور ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا ہے۔ یہاں پر روزگار اور دولت کی ریل پیل ہے، اسی وجہ سے یہاں پر ہر سال لاکھوں افراد روزگار کی تلاش میں آتے ہیں اور اپنی قسمت جگانے میں کامیاب بھی ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں سیاحوں کے لیے بھی سینکڑوں پُرکشش مقامات موجود ہیں جنہیں دیکھنے کے لیے وہ کھنچے چلے آتے ہیں۔

العربیہ نیوز کے مطابق امارات نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ اقوام متحدہ نے کل جمعہ کو سلامتی کونسل میں شامل ہونے کے لیے پانچ ممالک کا انتخاب کیا۔ ان میں برازیل ، متحدہ عرب امارات ، البانیہ ، گھانا اور گابون شامل ہیں۔سلامتی کونسل کے 15 مستقل رکن ممالک ہیں۔ کونسل میں نشست حاصل کرنا عالمی سطح پر سفارت کارے کے میدان میں اہم کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

امارات کی اس کامیابی سے شام ، یمن ، مالی اور میانمار کے تنازعات کے پرامن حل ، ایران اور شمالی کوریا کے جوہری خطرات کے تدارک اور القاعدہ اور داعش جیسے دہشت گرد گروپوں کی بیخ کنی کے لیے عالمی سطح پر ہونے والی کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔یہ پہلا موقع ہوگا جب البانیہ کونسل میں شریک ہوگا اور جب کہ برازیل کو یہ نشست بارہویں مرتبہ ملی ہے۔

برازیل اور جاپان سلامتی کونسل میں نشستوں کی تعداد میں برابر ہوگئے ہیں۔جنرل اسمبلی کے صدر ولکان بوزکیر نے خفیہ رائے شماری کے نتائج کا اعلان کیا اور فاتحین کو مبارکباد پیش کی۔پانچ نئے کونسل ممبران اپنی سرگرمیاں یکم جنوری سے شروع کریں گے۔ دسمبر کے آخر تک ایسٹونیا ، نائیجر ، سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز ، تیونس اور ویتنام کی نسشست کی مدت مکمل ہوجائے گی۔کونسل کے پانچ مستقل ویٹو پاور ارکان یعنی امریکا ، روس ، چین ، برطانیہ اور فرانس ہیں جب کہ گذشتہ سال منتخب ہونے والے پانچ ممالک میں ہندوستان ، آئرلینڈ ، کینیا ، میکسیکو اور ناروے شامل تھے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں