دبئی ایئر شو 2021ء ؛ پاکستانی کمپنی کو 14 کروڑ 40 لاکھ اماراتی درہم کا آرڈر مل گیا

پاکستانی کمپنی گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشن (جی آئی ڈی ایس) کے ساتھ مختلف ہتھیاروں کی فراہمی کے لیے 14کروڑ 40 لاکھ درہم کا معاہدہ ہوا ۔ ترجمان اماراتی وزارت دفاع

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 نومبر 2021 17:37

دبئی ایئر شو 2021ء ؛ پاکستانی کمپنی کو 14 کروڑ 40 لاکھ اماراتی درہم کا آرڈر مل گیا
دبئی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 نومبر 2021ء ) دبئی ایئر شو 2021 میں پاکستانی کمپنی کو 14 کروڑ 40 لاکھ اماراتی درہم کا آرڈر مل گیا ‘ پاکستانی کمپنی گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشن (جی آئی ڈی ایس) کا یو اے ای کے ساتھ مختلف ہتھیاروں کی فراہمی کے لیے 14کروڑ 40 لاکھ درہم کا معاہدہ ہوا ہے ۔ متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام سے معلوم ہوا ہے کہ دبئی ایئر شو 2021 میں پاکستانی کمپنی نے 14 کروڑ 40 لاکھ اماراتی درہم کا معاہدہ حاصل کیا ہے ، اس حوالے سے وزارت دفاع کی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل سارہ حمد الحجری نے بتایا ہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی کمپنی گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشن (جی آئی ڈی ایس) کے ساتھ 14کروڑ 40 لاکھ درہم کا معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت کمپنی کی جانب سے مختلف ہتھیاروں کی فراہمی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے دبئی ایئر شو کے چوتھے روز دفاعی سامان کی خریداری کے 7 بڑے معاہدے کیے ہیں جن کی مالیت ساڑھے 22 ارب اماراتی درہم ہے ، 2019 کے دبئی ایئر شو میں کیے گئے دفاعی معاہدوں کی مالیت 18 ارب درہم کے قریب تھی۔ لیفٹیننٹ کرنل سارہ حمد الحجری کے مطابق دبئی ایئر شو میں 17 کروڑ 58 لاکھ اماراتی درہم کا سب سے بڑا معاہدہ امریکی کمپنی ایلینٹ ٹیک سسٹم آپریشنز کے ساتھ ایئرفورس اور فضائی دفاعی نظام کے لیے ایمونیشن کی خریداری کا کیا گیا ، اس دوران امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن گلوبل انک کے ساتھ ائیر فورس اور ائیر ڈیفنس کمانڈ سسٹمز کے لیے تکنیکی معاونت اور اسپیئر پارٹس کی خریداری کا معاہدہ بھی کیا گیا ہے ۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس نمائش میں امریکہ، روس اور اسرائیل جیسے ممالک کے دفاعی اور ملٹری ہارڈ ویئر کی شرکت بھی دیکھی گئی ہے ، جہاں امریکہ کی 100 سے زائد کمپنیاں، بشمول دفاعی فرم لاک ہیڈ مارٹن اور ریتھیون، مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے شو میں اپنی مصنوعات کی نمائش کررہی ہیں ، دبئی ایئر شو میں ہوا بازی اور دفاعی کمپنیاں ایک نمائش میں اربوں ڈالر کے سودے حاصل کرنے کی امید کر رہی ہیں ۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں