ایکسپو کے بعد بھی دبئی دنیا کی توجہ کا مرکز‘ مسافروں کی آمدورفت 3 گنا بڑھ گئی

دوسری سہ ماہی کے دوران دنیا کے مصروف ترین بین الاقوامی ہوائی اڈے نے 14.2 ملین مسافروں کو ہینڈل کیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 اگست 2022 10:53

ایکسپو کے بعد بھی دبئی دنیا کی توجہ کا مرکز‘ مسافروں کی آمدورفت 3 گنا بڑھ گئی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 اگست 2022ء ) دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمدورفت میں 3 گنا اضافہ ہوگیا اور دوسری سہ ماہی میں مسافروں کی آمدورفت تقریباً 14.2 ملین ہو گئی، دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹ نے 2022ء میں سالانہ مسافروں کی پیشگوئی 62.4 ملین تک بڑھا دی ہے جو پہلے کی 58.3 ملین کی گئی تھی۔ دی نیشنل کی ایک رپورٹ کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) کا استعمال کرنے والے مسافروں کی تعداد دوسری سہ ماہی کے دوران تقریباً تین گنا بڑھ گئی، اس کے دو رن وے میں سے ایک کو ری فربشمنٹ کے کام کے لیے 45 دنوں کے لیے بند کرنے کے بعد گنجائش میں کمی کے باوجود مسفروں کی آمدو رفت میں اضافہ دیکھا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ دوسری سہ ماہی کے دوران دنیا کے مصروف ترین بین الاقوامی ہوائی اڈے نے 14.2 ملین مسافروں کو ہینڈل کیا، جو کہ کورونا وائرس کے آغاز کے بعد سے مسلسل نو سہ ماہیوں تک ترقی کو برقرار رکھتے ہوئے جون کے آخر تک تین ماہ کی مدت کے دوران سال بہ سال تقریباً 191 فیصد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے دبئی ایئرپورٹس کے چیف ایگزیکٹیو پال گریفتھس نے کہا کہ نا صرف دبئی ایئرپورٹس بحالی کا انتظام کرنے میں کامیاب رہے ہیں بلکہ کسٹمر سروس کے معیار کو بھی برقرار رکھا گیا ہے، ہمیں وبائی مرض کے آغاز میں معلوم تھا کہ ڈرامائی مندی کے بعد اتنا ہی ڈرامائی اتار چڑھاؤ آئے گا لہذا ہم اس کے لئے اچھی طرح سے تیار تھے اور اپنے اختیار میں موجود تمام کاروباری ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے بحالی کے آغاز کی پیش گوئی کرنے کے قابل تھے، ہم نے اپنے سروس پارٹنرز کے ساتھ ہوائی اڈے کی کمیونٹی میں تیار رہنے کے لیے کام کیا۔

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جون میں بین الاقوامی ٹریفک میں سال بہ سال تقریباً 230 فیصد اضافہ ہوا، جس میں ایشیاء پیسفک کے بیشتر حصوں میں سفری پابندیاں اٹھانے میں مدد ملی جب کہ دبئی ایئرپورٹس پر سال کی پہلی ششماہی میں مسافروں کی تعداد گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں دگنی سے زیادہ ہو کر 27.9 ملین ہو گئی، یہ گزشتہ سال ہوائی اڈے کی کل سالانہ ٹریفک سے 1.2 ملین کم ہے جب کہ 2019 کی پہلی ششماہی میں ہوائی اڈے پر وبائی امراض سے پہلے کے مسافروں کی آمدورفت 67.5 فیصد تک پہنچ چکی تھی۔

مسٹر گریفتھس نے کہا کہ عالمی وبائی امراض کے اثرات سے DXB کی بحالی شاندار رہی ہے اور یہ پوزیشن 2022 کے دوران خاص طور پر دوسری سہ ماہی کے دوران مضبوط ہوئی ہے، عالمی معیشت اور سیاحت کے شعبے کو متاثر کرنے والے بے مثال چیلنجز اور میکرو اکنامک عوامل کے اثرات کے باوجود دبئی نے 2022 کی پہلی ششماہی میں 7.12 ملین بین الاقوامی مسافروں کی میزبانی کی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں ریکارڈ کی گئی 2.52 ملین سے تین گنا زیادہ ہے، دبئی کے ہوائی اڈوں کو اب 2022 میں 62.4 ملین مسافروں کی توقع ہے، جس سے اس کی سالانہ ٹریفک کی پیش گوئی مئی میں 58.3 ملین کے پہلے کی پیش گوئی سے بڑھ گئی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ DXB پر مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے بھارت سرفہرست رہا، سال کی پہلی ششماہی میں ٹریفک 40 لاکھ مسافروں تک پہنچ گئی، جس میں بنیادی طور پر اکثریت ممبئی، دہلی اور حیدرآباد جیسے شہروں کے مسافروں کی رہی، اس کے بعد سعودی عرب 2 ملین مسافروں کے ساتھ دوسرے اور برطانیہ 1.9 ملین مسافروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جب کہ سرفہرست تین شہروں میں 1.3 ملین مسافروں کے ساتھ لندن پہلے، 9 لاکھ 10 ہزار مسافروں کے ساتھ ریاض دوسرے اور 7 لاکھ 26 ہزار مسافروں کے ساتھ ممبئی تیسرے نمبر پر ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں