فجیرہ: ساحلِ سمندر پر جیٹ سکائی سے گِر کر نوجوان ہلاک

متوفی کو سمندر سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 1 ستمبر 2018 16:45

فجیرہ: ساحلِ سمندر پر جیٹ سکائی سے گِر کر نوجوان ہلاک
فجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم ستمبر 2018) ایک چھتیس سالہ عرب فجیرہ کے سمندر میں جیٹ سکائی سے لطف اندوز ہونے کے دوران گہرے پانی میں جا گِرا جس سے اُس کی ہلاکت ہو گئی۔ فجیرہ پولیس کے ڈائریکٹر آف میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ‘ لیفٹیننٹ کرنل سعید الحسن نے بتایا کہ پولیس کنٹرول روم کو شام ساڑھے سات بجے کال موصول ہوئی کہ ایک شخص جیٹ سکائی پر اپنا توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے سمندر میں جا گرا ہے۔

جس پر پولیس کی جانب سے ایک ریسکیو ٹیم فوراً روانہ کر دی گئی۔ جس نے ڈُوبنے والے شخص کو پانی سے نکالا اور فجیرہ ہسپتال منتقل کر دیا مگر وہ تھوڑی دیر بعد ہی خالقِ حقیقی سے جا مِلا۔ پولیس نے اس حوالے سے ایک کیس رجسٹر کر لیا ہے۔ واقعے پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے فجیرہ پولیس نے ساحلِ سمندر کا رُخ کرنے والے کو تاکید کی ہے کہ وہ سمندر کی تفریح سے ضرور محظوظ ہوں‘ مگر اس حوالے سے احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں تاکہ کسی جان لیوا حادثے کی نوبت نہ آئے۔

(جاری ہے)

کیونکہ ماضی میں بھی کئی افراد ساحلِ سمندر پر ہلّہ گُلّہ اور مستی کرنے کے دوران سمندر کی خوفناک لہروں کی نذر ہو چکے ہیں۔ ساحل سمندر پر نہانے والے افراد خصوصاً اپنے بچوں کا ہر دم خیال رکھیں کیونکہ بچے سمندر میں نہانے کے خطرات سے ناواقف ہوتے ہیں اور کئی بار اتنی آگے نکل جاتے ہیں کہ اُن کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔جیٹ سکائی سے لطف اندوز ہونے والے کئی بار گہرے پانی میں پہنچ جاتے ہیں اور توازن برقرار نہ رکھنے کے باعث سمندر میں گِر کر ڈوب جاتے ہیں۔

ایسے افراد کو بھی چاہیے کہ وہ لائف جیکٹ کا استعمال ضرور کریں تاکہ کسی خرابی کی صورت میں وہ ڈُوبنے سے بچ جائیں۔اگرچہ انتظامیہ کی جانب سے ساحلِ سمندر پر لائف گارڈز تعینات کیے جاتے ہیں‘ مگر لوگوں کی اتنی بڑی تعداد سمندر میں موجود ہوتی ہے کہ اُن سب پر نظر رکھنا ممکن نہیں ہوتا۔ ماضی میں کئی افراد کو لائف گارڈز نے سمندر میں ڈُوبنے سے بچا لیا ‘ جبکہ کئی افراد کے بارے میں دیر سے خبر مِلی جس کے باعث اُن کی زندگی کا بچاؤ ممکن نہ ہو سکا۔

متعلقہ عنوان :

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں