یو اے ای؛ فجیرہ میں آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی‘ ایشیائی ڈرائیور کو بچا لیا گیا

سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 اگست 2022 15:51

یو اے ای؛ فجیرہ میں آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی‘ ایشیائی ڈرائیور کو بچا لیا گیا
فجیرہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 اگست 2022ء ) نیشنل سرچ اینڈ ریسکیو سینٹر نے جمعرات کو فجیرہ میں فیول ٹینکر میں آگ لگنے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ایک ایشیائی شخص کو بچا لیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق البتھانہ کے علاقے میں تیل کے ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد فجیرہ پولیس نے شیخ مکتوم اسٹریٹ کو البتھانہ کے علاقے سے الفرف راؤنڈ اباؤٹ تک دونوں سمتوں میں بند کردیا، فجیرہ پولیس کو حادثے کی اطلاع دینے والی کال موصول ہوئی تھی اور فائر فائٹرز کے ساتھ پولیس گشت کو بھی فوری طور پر جائے وقوعہ پر بھیجا گیا جہاں سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ضروری علاج کے لیے فجیرہ ہسپتال منتقل کردیا۔

قبل ازیں 3 اگست کو متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے انڈسٹریل ایریا میں آٹو اسپیئر پارٹس کے دو گوداموں میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ، شارجہ کے انڈسٹریل ایریا فور میں بدھ کے روز دو گوداموں میں آگ لگ گئی جن میں گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس تھے، دبئی، شارجہ اور عجمان کی طرف سفر کرنے والوں نے گوداموں سے دھوئیں کے گہرے سیاہ بادل اُٹھنے کی اطلاع دی۔

(جاری ہے)

شارجہ سول ڈیفنس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ انہیں صبح 11 بج کر 19 منٹ پر ایک کال موصول ہوئی، جس پر انہوں نے فوری طور پر 3 فائر اسٹیشنوں ( المینا، سمنان اور النہدہ پوائنٹ ) سے فائر فائٹرز کو جائے وقوعہ پر بھیجا، پولیس نے سول ڈیفنس کو آگ پر جلد قابو پانے کی اجازت دینے کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آگ کس وجہ سے لگی جب کہ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پا لیا ، اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ جائے وقوعہ کو فرانزک ماہرین کے حوالے کر دیا گیا تاکہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں