دبئی سے فجیرہ جانے والے امریکی آئل ٹینکر پر ایران کا قبضہ

نیواوی کی مالک گرینڈ فنانسنگ کمپنی ہے اور اس جہاز کا انتظام یونان میں قائم اسمارٹ ٹینکرز کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 4 مئی 2023 15:53

دبئی سے فجیرہ جانے والے امریکی آئل ٹینکر پر ایران کا قبضہ
فجیرہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 مئی 2023ء ) ایران نے خلیج کے پانیوں میں ایک ہفتے کے دوران میں دوسرا آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق پاناما کے جھنڈے والے آئل ٹینکر نیواوی کوایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کی بحریہ (آئی آر جی سی این) نے اس وقت پکڑلیا جب وہ آبنائے ہرمزسے گزر رہا تھا، اس حوالے سے بحرین میں موجود امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے نے کہا ہے کہ نیواوی نامی آئل ٹینکر دبئی سے متحدہ عرب امارات کی فجیرہ بندرگاہ کی طرف جارہا تھا اس دوران پاسداران انقلاب کی کشتیوں نے اس کا رخ ایران کی سمندری حدود کی طرف تبدیل کرنے پر مجبورکردیا۔

ریفائنٹیوشپ ٹریکنگ کے اعدادوشمارسے معلوم ہوا ہے کہ نیواوی نے آخری بار آبنائے ہرمز میں عمان کے ساحل پر اپنی پوزیشن ظاہر کی تھی اوراس کی منزل فجیرہ تھی، نیواوی کی مالک گرینڈ فنانسنگ کمپنی ہے اور اس جہاز کا انتظام یونان میں قائم اسمارٹ ٹینکرز کے ذریعے کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے ایک روزپہلے ہی پاسداران انقلاب ایران کی بحریہ نے خلیج عمان میں مارشل جزائر کے جھنڈے والے آئل ٹینکر ایڈوانٹیج سویٹ کو قبضے میں لے لیا تھا، اس ٹینکر کو ایرانی حکام نے بندرعباس میں لنگراندازکیا ہوا ہے، میری ٹائم سکیورٹی فرم امبری کا کہنا تھا کہ ایران نے ایڈوانٹیج سویٹ کو قبضے میں لینے کا اقدام ممکنہ طور پرامریکا کی جانب سے مارشل آئی لینڈز کے ٹینکر سوئز راجن پرلدے تیل کی حالیہ ضبطی کے ردعمل میں کیا۔

تجزیاتی فرم ورٹیکسا کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ دنیا کی خام تیل اور تیل کی مصنوعات کا تقریباً پانچواں حصہ آبنائے ہرمزسے ہو کر گزرتا ہے، ایران اور عمان کے درمیان ایک تنگ آبی گزرگاہ ہے، مارشل آئی لینڈزفلیگ رجسٹری نے ایک ایڈوائزری میں کہا کہ ان علاقوں میں بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمی اور جغرافیائی سیاسی تناؤ تجارتی جہازوں کے لیے سنگین خطرات کا باعث بنے ہوئے ہیں، ان خطرات کے ساتھ غلط اندازے یا غلط شناخت جارحانہ کارروائیوں کا باعث بن سکتے ہیں۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں