امارات میں چارجنگ کیبل سے بچوں کو پیٹنے پر ماں کو بھاری جرمانہ

والد کی شکایت پر عدالت نے ماں کو قصور وار قرار دیتے ہوئے بچوں کو 20 ہزار درہم معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 8 نومبر 2022 13:02

امارات میں چارجنگ کیبل سے بچوں کو پیٹنے پر ماں کو بھاری جرمانہ
فجیرہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 نومبر 2022ء ) متحدہ عرب امارات میں فون کی چارجنگ کیبل سے بچوں کو کوڑے مارنے پر والدہ کو 20 ہزار درہم ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق یو اے ای کی ریاست فجیرہ کی ایک عدالت نے اماراتی ماں پر جرمانہ عائد کیا ہے اور اس سے کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو فون چارجنگ کیبل سے ان کی پٹائی کرنے پر 20 ہزار درہم معاوضہ ادا کرے۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خاتون کے سابق شوہر نے بچوں کے جسموں پر تشدد کے نشانات دیکھ کر مقدمہ درج کیا، پھر اسے امارات کی سول عدالت میں لے گیا اور معاوضے کی اپیل کی، جہاں اس نے ججوں کو بتایا کہ ان کے 8 اور 10 سالہ بیٹے اپنے علاج کے دوران کلاسز میں نہیں جا سکے، جس کی وجہ سے ان کی پڑھائی متاثر ہوئی، وہ سماجی طور پر تنہائی میں چلے گئے ہیں اور مسلسل خوف کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

واقعے سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ بچوں کے والد نے اس سال کے شروع میں پیش آنے والے واقعے کی اطلاع پولیس کو دی جب اس نے بچوں کے جسم پر زخموں کے نشانات دیکھے جب وہ اس سے ملنے گئے، وہ بچوں کو ایک ڈاکٹر کے پاس لے گیا جس نے سرکاری رپورٹ میں کہا کہ ان کی کمر، رانوں، ٹانگوں اور چہرے پر متعدد زخم اور خراشیں ہیں۔ پولیس اور استغاثہ کی پوچھ گچھ کے دوران خاتون نے بچوں کو مارنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس کا ارادہ انہیں پڑھائی میں مزید محنت کرنے پر مجبور کرنا تھا، اس نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ وہ انہیں دوبارہ نہیں مارے گی تاہم سول کورٹ کے ججوں کی جانب سے سنائے گئے فیصلے میں عدالت نے والدہ کو ہرجانہ اور جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا، والد کو معاوضے کی رقم ملے گی جس کو بچوں کی تعلیم کے نقصان کا ازالہ اور ڈاکٹروں کی فیس ادا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں