فجیرہ: اگر آپ کو ATM کارڈ بلاک ہونے کا پیغام مِلا ہے تو ہوشیار ہو جائیں

واٹس ایپ پر ملنے والا پیغام دھوکے بازوں کی کارستانی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 26 جنوری 2019 14:27

فجیرہ: اگر آپ کو ATM کارڈ بلاک ہونے کا پیغام مِلا ہے تو ہوشیار ہو جائیں
فجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 جنوری 2019ء ) آج کل متحدہ عرب امارات میں مقیم مقامی باشندوں اور غیر مُلکیوں کو اکثر پیغامات موصول ہو رہے ہیں، جس میں اُنہیں بتایا جاتا ہے کہ اُن کا ATM کارڈ بلاک کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے فجیرہ پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ اس پیغام پر قطعاً یقین نہ کریں، کیونکہ یہ پیغام چند دھوکے باز افراد کی جانب سے بھیجا جا رہا ہے۔

ان افراد کے دھوکے کا شکار ہو کر کئی افراد اپنی قیمتی رقوم سے محروم ہو چکے ہیں۔ یہ پیغام اس طرح ہوتا ہے ’’معزز صارفین! آپ کا ATM کارڈ بلاک کر دیا جائے گا کیونکہ آپ نے نئے سال 2019ء کے دوران اپنے کوائف کا اندراج نہیں کروایا۔ اگر آپ اپنے ATM کارڈ کی سروس بحال رکھنا چاہتے ہیں تو مندرجہ ذیل نمبروں پر رابطہ کریں: 0589065238 یا 0522633476۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق یہ پیغام سراسر فراڈ ہے جس کی آڑ میں لوگوں سے اُن کی ذاتی نوعیت کی معلومات حاصل کر کے اُن کے بینک اکاؤنٹس سے رقم نکلوا لی جاتی ہے۔

اس وقت کئی سو افراد کو اُن کے واٹس ایپ نمبر پر یہ پیغام موصول ہو چکا ہے۔ پولیس کی جانب سے اس فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ عنقریب ان کا پتا چلا کر انہیں گرفتار کیا جائے اور سائبر کرائم ایکٹ کے تحت ان کے خلاف مقدمہ بھی چلایا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کی جانب سے عوام کو خبردار کیا گیا تھا کہ اْس کے نام سے کچھ دھوکا دہ عناصر وائرس زدہ واٹس ایپ پیغام بھیج رہے ہیں۔

ا س پیغام پر کلک کرنے سے ایک وائرس زدہ ویب سائٹ کھْل جاتی ہے ، جس کے باعث موبائل میں موجود ذاتی نوعیت کی معلومات چْرائی جا سکتی ہیں۔ یہ واٹس ایپ پیغام سنٹرل بینک کی جانب سے نہیں بھیجا گیا، بلکہ چند فراڈیئے عناصر عوام کے بینک اکاؤنٹس سے رقم ہتھیانے کی غرض سے ایسا کر رہے ہیں۔ لہٰذا ایسے پیغامات پر ہرگز کلِک نہ کریں تاکہ موبائل میں موجود ذاتی نوعیت کی معلومات کسی دْوسرے شخص تک نہ پہنچ پائیں۔

سنٹرل بینک کا کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں ہے۔ نہ ہی اس کی جانب سے کسی فرد، تاجر یا ادارے کسی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے اپنے اکاؤنٹس کو محفوظ رکھنے کے حوالے سے کوئی پیغامات بھیجے جاتے ہیں۔ آج کل سنٹرل بینک کے نام سے صارفین کو واٹس ایپ پر یہ پیغام بھیجا جا رہا ہے۔ ’’معزز صارفین، آپ نے اپنے کوائف اپ ڈیٹ نہیں کی، اس لیے آپ کا ATM کارڈ بلاک کر دیا گیا ہے۔

اگر آپ اپنے کارڈ کو دوبارہ فعال کرنا چاہتے ہیں تو پھر اس لِنک پر رابطہ کریں۔‘‘ سنٹرل بینک کے مطابق یہ پیغام سراسر جھوٹ پر مبنی ہے اور اس کا مقصد صارفین کو دھوکا دینا ہے۔ یہ فراڈیئے لوگ عوام کو دھوکا دینے کی غرض سے سنٹرل بینک یا دیگر قابلِ بھروسا ویب سائٹس کا استعمال کرتے ہیں۔ کئی سادہ لوح افراد ان کے جھانسے میں آکر کلِک کر دیتے ہیں جس کے بعد موبائل میں موجود اْن کے ذاتی کوائف، یْوزر نیم، پاس ورڈ، کریڈٹ کارڈ نمبرز اور دیگر معلومات چْرا لی جاتی ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے کسی دھوکا دہی پر مبنی پیغام کی فوری طور پر اطلاع پولیس کو دی جائے۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں