خاتون کو اپنی ساتھی ملازمہ کے بارے میں سوشل میڈیا پر ریمارکس دینا مہنگا پڑ گیا

خاتون نے ساتھی ملازمہ کی جانب سے غیر مناسب تصویر پوسٹ کرنے پر اُسے ”کردار سے عاری طوائف“ کہہ ڈالا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 19 اگست 2019 12:47

خاتون کو اپنی ساتھی ملازمہ کے بارے میں سوشل میڈیا پر ریمارکس دینا مہنگا پڑ گیا
فجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،19 اگست 2019ء) فجیرہ میں ایک اعلیٰ عہدے پر ملازمت کرنے والی خاتون کو اپنی ساتھی ملازمہ کے بارے میں سوشل میڈیا پر نامناسب کلمات کہنا بہت بھاری پڑ گیا۔ ساتھی ملازمہ نے خاتون کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرا دیا۔ دونوں خواتین کا تعلق ایک ہی ملک سے بتایا جاتا ہے۔ عدالت میں استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ متاثرہ خاتون نے فیس بُک پر اپنی ایک ذاتی تصویر لگائی تھی جو اُس کے ہی دفتر میں کام کرنے والی خاتون کو بہت نامناسب لگی۔

بس اتنی سی بات پر اُس نے یہ کمنٹ کر ڈالا ”یہ کہنے کے لیے معذرت، تم ایک تہذیب سے محروم طوائف کی طرح ہو۔“ جب مُدعی خاتون نے اپنی ہم وطن خاتون کے یہ کمنٹس پڑھے تو اس کے تن بدن میں آگ لگ گئی۔ اُس نے اپنی ساتھی ملازمہ کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمے کا اندراج کر وا دیا۔

(جاری ہے)

ملزمہ نے اپنے اشتعال انگیز کمنٹ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ساتھی خاتون کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر غیر مناسب تصویر دیکھ کر جذباتی ہو گئی تھی، بس اسی جذباتی کیفیت میں اُس نے غلط بات لِکھ دی۔

دراصل وہ اپنی ساتھی کی فیملی کو اچھی طرح سے جانتی تھی جو کہ بہت شریف اور سُلجھے ہوئے لوگ ہیں۔ بس اسی وجہ سے اُس کی جانب سے اپنی نامناسب تصویر لگانا اُسے اچھا نہ لگا کہ وہ ایک اچھے خاندان سے تعلق رکھنے کے باوجود ایسا کیوں کر رہی تھی۔ملزمہ کے جواب میں مُدعی خاتون نے کہا کہ اگرچہ ملزمہ اُس سے عمر میں بڑی ہے، مگر اُسے کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ اُس کی اصلاح کرتی پھرے۔

مجھے اپنی آزادی کا پتا ہے۔ یہ میری مرضی ہے کہ میں فیس بُک پر اپنی کونسی تصویر لگا رہی ہوں۔ اس میں کوئی بُرائی نہیں ہے کیونکہ نہ تو میں کسی کو ہراساں کر رہی ہوں اور نہ اس سے کسی کو تکلیف پہنچنی چاہیے۔ استغاثہ کی جانب سے ملزمہ کو اس مقدمے میں قانون کے مطابق سزا سُنانے کی اپیل کی گئی ہے۔ اگلی سماعت میں اس مقدمے کا فیصلہ سُنایا جائے گا جس میں ملزمہ کو سزا سُنائے جانے کا بھرپور امکان ہے۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں