فجیرہ: مالک کے گھر کو آگ لگانے والی غیر مُلکی ملازمہ کو 7سال قید ہو گئی

ملازمہ نے الماری میں رکھے کپڑوں پر کیمیکل ڈال کر اسے آگ لگا دی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 13 ستمبر 2019 15:03

فجیرہ: مالک کے گھر کو آگ لگانے والی غیر مُلکی ملازمہ کو 7سال قید ہو گئی
فجیرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،13ستمبر 2019ء ) اماراتی ریاست فجیرہ کی عدالت نے ایک غیر مُلکی ملازمہ کو اپنے مالک کے گھر کو آگ لگانے کے جُرم میں 7 سال قید کی سزا سُنا دی ہے۔ استغاثہ کی جانب سے ملازمہ پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے ایک آتش گیر مادے کی مد د سے الماری میں رکھے کپڑوں کو آگ لگائی۔ تاکہ آگ پھیل کر سارے گھر میں پھیل جائے اور مالک کا لاکھوں درہم کا نقصان ہو جائے۔

استغاثہ نے مزید بتایا کہ وقوعہ کے روز ملازمہ کے مالک نے فون کر کے پولیس کو اطلاع دی کہ ان کی ملازمہ نے جان بوجھ کر گھر کو آگ لگائی ہے۔ جس پر پولیس نے پہنچ کر ملازمہ کو گرفتار کر لیا اور مزید تفتیش کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا تھا۔ ملازمہ نے تفتیش کے دوران اس الزام سے انکار کیا تھا کہ گھر میں ہونے والی آتش زدگی میں اس کا کوئی ہاتھ ہے۔

(جاری ہے)

تاہم تحقیقات سے پتا چلا کہ آگ لگانے کے لیے ایک آتش گیر مادہ استعمال کیا گیا تھا۔ ملازمہ نے الماری میں رکھے کپڑوں پر یہ آتش گیر مادہ چھڑک کر آگ لگائی تھی، جس کی وجہ سے آگ دیکھتے ہی دیکھتے بھڑک اُٹھی۔ جبکہ ملازمہ کی جانب سے آگ لگانے کے لیے استعمال کیا گیا لائٹر بھی الماری میں پڑا مل گیا۔ اس واقعے میں گھر کا کوئی فرد زخمی تو نہیں ہوا تھا، تاہم گھر کا بہت سا قیمتی سامان جل گیا تھا۔ استغاثہ کی جانب سے کہا گیا کہ اس جان بوجھ کر لگائی گئی آگ کے باعث گھر کے کسی فرد کی جان بھی جا سکتی تھی۔ اس لیے ملازمہ کو اس خوفناک جرم پر سخت سے سخت سزا دی جائے۔ جس پر عدالت نے ثبوتوں کی موجودگی کو مد نظر رکھتے ہوئے ملازمہ کو سات سال قید اور ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنا دی۔

متعلقہ عنوان :

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں