متحدہ عرب امارات میں لاکھوں درہم کی رقم اور زیورات لُوٹنے والا گینگ پکڑا گیا

ملزمان کا تعلق ایک ایشیائی ملک سے بتایا جا رہا ہے، پولیس نے واردات کے بعد صرف ایک گھنٹے کے اندر ملزمان کو گرفتار کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 16 جون 2020 14:36

متحدہ عرب امارات میں لاکھوں درہم کی رقم اور زیورات لُوٹنے والا گینگ پکڑا گیا
فجیرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جون 2020ء) اماراتی ریاست فجیرہ میں ایک مقامی شخص کے گھر لاکھوں درہم کی رقم اور زیورات لُوٹنے والے چار ایشیائی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں ایک گھریلو ملازم بھی شامل ہے۔خلیج ٹائمز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے ایک اماراتی شخص کے گھر میں داخل ہو کر وہاں موجود پانچ لاکھ درہم کی رقم اور زیورات چُرا لیے۔

فجیرہ پولیس کے سربراہ میجر جنرل محمد احمد الکعبی نے بتایا کہ ملزمان نے جمعہ کی شام ایک گھر میں واردات کی جب اس گھر میں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔ جب وہ گھر واپس آیا تو دیکھا کہ اس کی لوہے کی چھوٹی سیف غائب تھی ، جس میں اس نے لاکھوں روپے کی رقم اور زیورات رکھے ہوئے تھے۔ اس واردات کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے فوری طور پر تفتیش شروع کی اور صرف ایک گھنٹے کے اندر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ملزمان کی گرفتار کے بعد ان کی جو تصویر سامنے لائی گئی ہے، اس میں وہ شلوار قمیص اور پینٹ شرٹ میں ملبوس ہیں۔ میجر جنرل الکعبی نے مزید بتایا کہ ملزمان واردات کرنے کے فوراً بعد عجمان فرار ہو گئے تھے ، تاہم عجمان پولیس کی مدد سے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے چُرائی گئی سیف بھی برآمد کر لی گئی، جس میں تمام رقم اور زیورات موجود تھے۔

ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے یہ واردات کرنے کے لیے کئی گھنٹے تک گھر کی نگرانی کی۔ جب انہوں نے اماراتی خاندان کو گھر سے باہر جاتے دیکھا تو وہ گھر میں داخل ہو گئے اور وہاں ایک کمرے میں رکھی سیف لُوٹ کر فرار ہو گئے۔ اس واردات میں ملزمان کا ساتھ ایک گھریلو ملازم نے بھی دیا۔ ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جو کیس کی تیاری کے بعد انہیں عدالت میں پیش کر دے گا۔ 

متعلقہ عنوان :

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں