دُبئی: مسافر ویگن کو خوفناک حادثہ، 2افراد ہلاک

پانچ زخمیوں میں چار خواتین شامل ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 19 ستمبر 2018 12:14

دُبئی: مسافر ویگن کو خوفناک حادثہ، 2افراد ہلاک
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 ستمبر 2018ء) دُبئی میں مسافر ویگن کو خوفناک حادثہ پیش آیا جس کے باعث ویگن میں سوار دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دُبئی پولیس کے مطابق یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ویگن کا ایک ٹائر دھماکے سے پھٹ گیا اور وہ بے قابو ہو کر سڑک کنارے بیریئر سے جا ٹکرائی۔

یہ حادثہ دُبئی کے شیخ راشد روڈ پر رُونما ہوا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ اُس میں سوار ایک خاتون اور ایک مرد موقع پر ہی زندگی سے محروم ہو گئے جبکہ پانچ افراد کو درمیانے درجے کی چوٹیں آئیں جن میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی اس بدقسمت ویگن میں سات افراد سوار تھے، شیخ راشد روڈ پر واقع گرہاؤڈ ٹنل سے پہلے رات پونے دس بجے کے قریب اسے حادثہ پیش آیا۔

(جاری ہے)

ٹائر پھٹنے کے باعث یہ ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ایک روڈ بیریئر سے جا ٹکرائی۔ زخمیوں کو راشد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ المرقبت پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر، بریگیڈیئر علی احمد عبداللہ غنیم نے تمام ڈرائیورز پر زور دیا ہے کہ وہ ٹریفک قواعد کی پابندی کریں، اور وقتاً فوقتاً اپنی کاروں کی مرمت کرواتے رہیں، خاص طور پر ٹائروں کی حالت پر خصوصی دھیان رکھیں، کیونکہ زائد المیعاد ٹائرز اکثر و بیشتر حادثے کا باعث بنتے ہیں۔

اس وجہ سے زائد المیعاد ٹائرز کے استعمال پر پانچ سو درہم کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس پر چار بلیک پوائنٹس کا اندراج اور سات روز کے لیے گاڑی کی ضبطی بھی کی جاتی ہے۔ ڈرائیورز حضرات کو خراب ٹائروں سے جنم لینے والے خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جاتی ہیں۔ اس کے باوجود بہت سارے ڈرائیورز ٹائرز کی حالت پر خاص توجہ نہیں دیتے۔ جس کے باعث وہ اپنی اور دُوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں، جو کہ کسی طور بھی ایک ذمہ دار اور مہذب شہری ہونے کی نشانی نہیں ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں